صرف بڑے صنعت کاروں کےلئے ہی کھلے ہیں بینک کے دروازے :راہل

دیندرڈا(گجرات)،9اکتوبر(یواین آئی) کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے بینکوں کے دروازے صرف بڑے صنعت کاروں کے لئے ہی کھلے ہیں ،چھوٹے لوگوں کے لئے نہیں ۔مسٹرگاندھی نے آج سے شروع ہوئی اپنی سہ روزہ نوسرجن گجرات یاترا کے دوران وسطی گجرات کے دیندرڈا میں امول کے دودھ کارربار سے منسلک خواتین کے ساتھ بات چیت کے دوران یہ بات کہی ۔انھوں نے کہا کہ بینک آج کسانوں ،چھوٹے صنعت کاروں ،خواتین اور چھوٹے کاروباریوں کی پروانہیں کرتے ۔جیسے مودی حکومت صرف بڑے 10صنعت کاروں کے لئے کام کررہی ہے ویسے ہی بینکوں کے دروازے بھی صرف بڑے صنعت کاروں کے لئے ہی کھلے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ انکی حکومت جب مرکز اور گجرات میں بنے گی تو یہ حالت بدل دی جائیگی ۔انھوں نے خواتین سے اپنے مسائل کے بارے میں پارٹی کی منشور کمیٹی کے صدر اور راجیہ سبھا رکن مدھوسودن مستری کو بتانے کو کہا تاکہ انھیں اس میں شامل کیا جاسکے ۔انھوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت بننے پر مودی جی کے صنعت کاروں کو مددکرنے والے گجرات ماڈل کی جگہ عورتوں ،کسانوں اور چھوٹے کاروباریوں پر مبنی پرانے ماڈل کو نافذ کیا جائیگا۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ بے روزگاری کا بڑا مسئلہ چھوٹے کاروبار ،کھیتی جیسی چیزوں سے ہی دورہوسکتا ہے ،بڑے صنعت کاروں کے ذریعہ نہیں ۔اس موقع پر انھوں نے دلت عورتوں کے ہاتھوں سے چائے بھی پی ۔