انا ہزارے جنوری سے دہلی میں مظاہرہ کریں گے

رالیگن سدھی،10اکتوبر(یواین آئی)مشہور سماجی کارکن انا ہزارے نے لوک پال قانون کی عمل درآمدگی کے سلسلے میں حکومت کی بے حسی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کا وزیراعظم نریندر مودی کے بدعنوانی سے پاک ہندوستان کے عہد سے بھروسہ اٹھ گیا ہے اور وہ اگلے سال جنوری/فروری میں دہلی میں مظاہرے کاآغاز کریں گے ۔مسٹر ہزارے نے یہاں جاری ایک ریلیز میں حکومت کی نکتہ چینی کرتے ہوئے سوال کیا،کہ”حکومت یا وزیراعظم ہی عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے لگے تو اس ملک اور سماج کا کیا مستقبل ہوگا؟انہوں نے کہا کہ لوک پال،لوکایکت جیسے قانون فوراً عمل میں لائے جائیں،جو عوام کو جلد از جلد کفایتی انصاف دے سکیں،حکومت-انتظامیہ میں بڑھتی بدعنوانی کو قابو میں لائیں،بڑھتی بے ضابطگیوں اور من مانی پر پابندی لگا سکیں،صاف شفاف انتظامیہ کی تشکیل ہو اور حکومت اور انتظامیہ کی عوام کے تئیں جواب دہی طے ہو۔انہوں نے کہا کہ عوام اس ملک کی مالک ہے ۔حکومت و انتظامیہ میں بیٹھے سبھی لوگ عوام کے ملازم ہیں۔اس لئے انتظامی نظام جمہوری ہو اور لوگوں کے کام میں حکومت کا تعاون ہو۔یہ تبدیلی لانے کی طاقت لوکپال اور لوکایکت قانون میں ہے ۔