جانچ کے بعد اشوک چودھری کے خلاف کارروائی ہوگی:کوکب

پٹنہ 11 اکتوبر (تاثیر بیورو):بہار پردیش کانگریس میں جاری گھمسان ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ پارٹی کے کارگزار صدر کوکب قادری نے سابق ریاستی صدر اشوک چودھری کے خلاف کارروائی کی بات کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ریاستی صدر دفتر صداقت آشرم میں مارپیٹ اور نعرہ بازی کی گئی ہے اس نے واضح طور پر کانگریس کے وقار کومجروح کیا ہے۔ 16 لاکھ نئے ممبر بنانے کا ان کا دعویٰ بھی جھوٹا ہے۔ انہوں نے پارٹی فنڈ میں 80 لاکھ روپئے تو جمع کرائے ہیں لیکن ممبر صرف 4.07 لاکھ ہی ہیں۔ اس معاملے میں ایک جانچ کمیٹی کی تشکیل کی گئی ہے ، اس کی رپورٹ آتے ہی کارروائی کی جائے گی۔ کوکب قادری نے بدھ کے روز سابق ریاستی صدر ڈاکٹراشوک چودھری پر نئے سرے سے حملہ کیا اور انہیں بیمار ذہنیت کا انسان قرار دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آئندہ 21 اکتوبر کو بہار کے پہلے وزیراعظم آنجہانی شری کرشن سنگھ کی جینتی منائی جائے گی۔ اس پروگرام کا انعقاد پارٹی کے سینئر رہنما اکھلیش پرساد سنگھ کررہے ہیں۔ اس پروگرام میں پارٹی کے سبھی ریاستی اور ضلع صدور شامل ہوںگے۔ پارٹی کے سینئر رہنما پریم چند مشرنے اشوک چودھری پر پارٹی کی ممبر سازی مہم میں گھپلہ کرنے کا الزام لگایا ۔ انہوں نے کہا کہ چودھری نے بہار میں 16 لاکھ نئے ممبران کو پارٹی سے جوڑنے کا دعویٰ کیاتھا۔ ساتھ ہی انہوں نے فی ممبر 5-5 روپئے کے حساب سے پارٹی فنڈ میں 80 لاکھ روپئے بھی جمع کئے۔ لیکن جب اس کی جانچ کی گئی تو ممبران کی تعداد صرف 4.7 لاکھ ہی نکلی۔ ایسے میں 80 لاکھ روپئے آئے کہاں سے ،اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ سوال تو سابق صدر ہی دے سکتے ہیں۔ انہیں ممبر سازی کی رسید پارٹی ہیڈکوارٹر کو مہیا کرانی چاہئے۔ کوکب قادری نے کہا کہ سابق ریاستی صدر نے میرے سیاسی کردار پر سوال اٹھائے ہیں۔ وہ لگاتار اعلیٰ کمان کے خلاف غلط الفاظ کا استعمال کررہے ہیں۔ ان کے خلاف جانچ شروع ہوگئی ہے۔ ایک ہفتے میں جانچ رپورٹ ملنے پر چودھری کے خلاف کارروائی ہوگی۔