ایرانی جوہری ڈیل امریکہ کے مفاد میں نہیں: ٹرمپ

واشنگٹن12اکتوبر(آئی این ایس انڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر ایرانی جوہری ڈیل پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ امریکہ کے لیے شدید نقصان کا باعث ہے۔ ٹرمپ کو جمعہ تیرہ اکتوبر تک اس کی تصدیق کرنی ہے کہ ایران جوہری ڈیل پر مناسب انداز میں عمل پیرا ہے یا نہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اس ڈیل کو پھر سے ایک انتہائی خراب سمجھوتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ڈیل کے نتیجے میں امریکہ کے ہاتھ کچھ نہیں آیا ہے۔ اپنے تازہ بیان میں امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ جب سب اکھٹے اور طاقتور تھے تب کمزوری کا مظاہرہ کیا گیا۔ ٹرمپ کے مطابق جلد ہی اس مناسبت سے کوئی فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔