بھارت- آسٹریلیا فیصلہ کن جنگ کے لئے تیار

حیدرآباد، 12 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ کے سب سے تیز فارمیٹ ٹوئنٹی 20 میں آخر فیصلہ کن جنگ کی باری آ گئی ہے اور دونوں کے درمیان جمعہ کو یہاں ہونے والے تیسرے ٹوئنٹی 20 میچ سے سیریز کا فیصلہ ہوگا۔ ہندستان نے رانچی میں بارش سے متاثرہ پہلا میچ نو وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ آسٹریلیا نے جوابی حملہ کرتے ہوئے گوہاٹی میں دوسرا میچ آٹھ وکٹ سے جیت کر سیریز 1۔1 سے برابر کر لی۔ حیدرآباد سے اب سیریز کا فیصلہ ہونا ہے ۔آسٹریلیا کی پوری کوشش ہو گی کہ وہ اس میچ کو جیتے اور دورے کا اختتام جیت کے ساتھ کرے اور ہندستان سے ون ڈے سیریز کی شکست کا بدلہ چکائے ۔ ہندوستانی ٹیم گوہاٹی میں جیت کی اپنی لے سے بھٹک گئی تھی جس کا خمیازہ اسے ایک شرمناک شکست کی شکل میں بھگتنا پڑا ۔ ہندوستانی بلے بازوں نے غیر ذمہ دارانہ انداز میں اپنے وکٹ گنوائے تھے اور کسی نے بھی پچ کے مزاج کو سمجھنے کی کوشش نہیں کی تھی۔ ایک طویل وقت کے بعد یہ دیکھا گیا تھا کہ ہندستان کے چوٹی کے چار بلے بازوں نے ایک ہی گیندباز کو اپنے وکٹ دئے ۔ ہندستانی بلے بازوں نے بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز جیسن بہرن ڈورف کی گیندوں کا کوئی جواب نہیں تھا۔ روہت شرما، کپتان وراٹ کوہلی، منیش پانڈے اور شکھر دھون جیسے سرکردہ کھلاڑیوں نے اپنا دوسرا ٹوئنٹی 20 کھیل رہے بہرن ڈورف کو وکٹ دئے ۔ یہ واقعی حیران کرنے والی بات ہے کہ کس طرح یہ چار بڑے بلے باز اپنے وکٹ ایک ہی گیند باز کو دے کر پویلین لوٹ گئے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹوئنٹی 20 میچوں میں ایک دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ جہاں پہلے میچ میں آسٹریلیا نے 118 رن بنائے تھے تو وہیں دوسرے میچ میں ہندستان نے 118 رن بنائے تھے ۔یہ بہت حیرت انگیز ہے کہ دونوں ٹیموں کے تیز رفتار کھلاڑیوں کے باوجود اس طرح کے چھوٹے ا سکوروں کا میچ۔آسٹریلیا کو پہلے میچ میں جدوجہد کرنی پڑی تھی، جبکہ ہندستان کو دوسرے میچ میں کافی محنت کرنی پڑی تھی۔ ہندستانی کپتان وراٹ کو اس بات سے محتاط رہنا ہوگا کہ وہ حریف کپتان وارنر کے دوسرے گھر حیدرآباد میں کھیل رہے ہیں۔ وارنر آئی پی ایل کی ٹیم سنرائزرس حیدرآباد کے کپتان ہیں اور اس میدان کو بہتر جانتے ہیں ۔ دوسرا میچ جیتنے کے بعد، وارنر اور کمپنی کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بہرینڈورف کی گیندوں سے ملے ٹانک سے حوصلہ پاکر سیریز جیتنے پر مکمل زور دیں گے ۔ ون ڈے سیریز میں بھی ایسی صورت حال آئی تھی جب آسٹریلیا نے چوتھا ون ڈے جیت کر ہندستان کو چونکا دیا تھا لیکن وراٹ سینا نے پانچویں میچ میں جوابی حملہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو دھو ڈالا تھا اور سیریز 4۔1 سے جیت لی تھی۔ایسی صورتحال اب ٹوئنٹی 20 سیریز میں بھی آ چکی ہے اور ہندستان کو جوابی حملہ کرنا ہے ۔ گوہاٹی کی شکست کے بعد، یہ کہا گیا تھا کہ ہندستان کا دن برا تھا جب نہ ہی اس کے بلے باز اور نہ ہی ان کے گیندباز چلے ۔اس میچ میں وراٹ کی کپتانی بھی ناکام ثابت ہوئی ۔اب وراٹ اینڈ کمپنی کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ واقعی وہ دن ٹیم انڈیا کے لئے بہت برا تھا اور اب ٹیم اس جھٹکے سے نکل کر اپنی پوری کوشش کرنے کے لئے تیار ہے ۔ دیوالی اس میچ سے صرف چھ دن دور ہے اور مداحوں کو پوری امید ہے کہ وراٹ سینا انہیں کل ہی دیوالی منانے کا موقع دے گی۔سپریم کورٹ نے بے شک پٹاخوں پر پابندی عائد کی ہے لیکن ہندوستانی بلے بازوں کے بلے سے چوکے ،چھکے کی شکل میں پٹاخے جم کر پھوٹنے چاہئے تاکہ کل کی رات دیوالی کی رات بن جائے ۔