آسٹریلیا کے دورہ ہند سے ایشزکی تیاریاں متاثر:وا

میلبورن، 13 اکتوبر (یو این آئی) آسٹریلوی سلیکٹر مارک و انے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے موجودہ ہندستانی دورے کو لے کر سوال اٹھائے ہیں اور اسے ایشز کی تیاریوں میں رکاوٹ مانا ہے ۔ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کا دورہ 17 ستمبر کو شروع ہوا تھا ۔اس ٹور میں، ٹیم نے پانچ میچوں کی ایک ون ڈے سیریز اور تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 کرکٹ سیریز میں حصہ لیا۔ہندستان میں کھیلنے کے بعد آسٹریلیا وطن روانہ ہو جائے گی ۔تاہم، وا نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کا دورہ بہت طویل تھا، جو ایشز کی تیاریوں کو متاثر کرے گا۔ وا نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ آسٹریلیا ٹیم کا ہندستان کا دورہ کرنے کا یہ صحیح وقت ہے ۔یہ سریز کافی طویل رہی اور اچھا ہوتا کہ یہ ایک یا دو ہفتے چھوٹی ہوتی۔انہوں نے ساتھ ہی مانا کہ کپتان اسٹیون اسمتھ اور تیز گیند بازوں مشیل اسٹارک اور پیٹ کمنز کو دورے کے درمیان سے ہی باہر ہو جانا ایک لحاظ سے اچھا ہی رہا۔ سابق بلے باز نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اسمتھ سمیت کچھ کھلاڑیوں کا ہندستانی دورے سے جلد واپس لوٹ جانا اچھا رہا کیونکہ انہیں پھر ایشز سے پہلے کچھ آرام مل جائے گا اور اس کے بعد وہ پھر سے ٹیسٹ پر توجہ مرکوز کر سکیں گے ۔کھلاڑی اس کا استعمال کرتے ہیں اور بنیادی طور پر، سیریز میں زیادہ سفر آپ کو تھکادیتا ہے ۔ آسٹریلوی سلیکٹر نے کہا کہ ہندستان میں ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 سیریز کے میچ آٹھ مختلف مقامات پر کھیلے گئے جس سے کھلاڑیوں کو بہت سفر کرنا پڑا ہے ۔لیکن مجھے لگتا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں۔آسٹریلیا اور انگلینڈ نے 23 نومبر سے پانچ ٹیسٹ کی ایشز سیریز کھیلنی ہے ۔