آج کا شماره | اردو | हिन्दी | English
Sports

ایران اور اسپین کوارٹر فائنل میں

football
Written by Taasir Newspaper

/گواہاٹی، 17 اکتوبر (یو این آئی)ایشیا کی طاقتور ٹیم ایران اور یوروپ کی سرکردہ ٹیم اسپین نے منگل کو یہاں دلچسپ اور سخت مقابلے میں بالترتیب میکسیکو اور فرانس کو ایک گول کے مقابلے دو گول کے یکساں فرق سے شکست دے کر فیفا انڈر۔17ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے ۔ ایران نے گوا کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں دو مرتبہ کے سابق چمپئن اور گزشتہ اڈیشن میں چوتھا مقام حاصل کرنے والے میکسیکو کو 1۔2 سے شکست دی جبکہ اسپین کے گواہاٹی کے اندرا گاندھی ایتھلیٹک اسٹیڈیم میں فرانس کی مضبوط ٹیم کو 1۔2 کے فرق سے ہرایا۔ ایران نے میکسیکو کے خلاف ابتدا سے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیااور ابتدائی گیارہ منٹ میں 0۔2 کی برتری حاصل کرلی۔ ایران کی جانب سے محمد شریفی نے ساتویں منٹ اور الیار سید نے گیارہویں منٹ میں گول کئے ۔ میکسیکو کے لئے رابرٹو ڈی لا روسا نے کھیل کے 37ویں منٹ میں واحد گول کیا۔ پہلے ہاف میں کئے گئے ان تینوں گولوں کے بعد حالانکہ دونوں ٹیموںنے اپنے اسکور میں اضافے کی بھرپور کوشش کی ۔ تاہم کسی کو کامیابی نہیں ملی۔ اسپین نے فرانس کے خلاف ایک گول سے پچھڑنے کے باوجود شاندار جیت درج کی۔ فرانس نے لینک پنٹر کے 34ویں منٹ میں کئے گئے گول سے 0۔1 کی برتری قائم کرلی تھی لیکن اسپین کے جوان مرنڈا نے 44ویں منٹ میں برابری کا گول کیا۔ جبکہ ایبل روئز نے 90ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرکے اسپین کو جیت کی منزل پر پہنچادیا۔ ادھرایران نے اپنے گروپ سی میں تینوں میچ جیت کر سرفہرست مقام حاصل کیا تھا اس نے اپنی جیت کے اس سلسلے کو گروپ ایف کی تیسرے نمبر کی ٹیم میکسیکو کے خلاف بھی برقرار رکھا اور پہلی بار کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ سال 2005 اور 2011 میں چمپئن رہنے والی اور 2015 میں چوتھا مقام حاصل کرنے والی میکسیکو کی ٹیم گروپ مرحلے میں دو میچ ڈرا کرپائی تھی اور ایک میچ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس دور میں جدوجہد کرنے والی میکسیکو کی ٹیم کا عالمی کپ میں سفر مکمل ہوگیا جبکہ جیت کا چوکا لگانے والی ایران کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے ۔ واضح رہے کہ ایران نے اپنے گروپ میچ میں جرمنی کی مضبوط ٹیم کو 0۔4 سے ہرایا تھا۔ اپنے بلند حوصلے کو ایران نے میکسکوکے خلاف میچ میں بھی برقرار رکھا۔ ایران کا کوارٹر فائنل میں 22 اکتوبر کو کوچی میں یوروپی چمپئن اسپین کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔

About the author

Taasir Newspaper