آج کا شماره | اردو | हिन्दी | English
Sports

سری لنکا کی آمدکرکٹ کی بحالی کی جانب اہم قدم:آفریدی

afridi
Written by Taasir Newspaper

لاہور، 17 اکتوبر (یو این آئی) پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہاہے کہ سری لنکا ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے لاہور آمد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہوگا لیکن کرکٹ بورڈ لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی میچوں کا انعقاد کرائے ۔ لاہور میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کو حال ہی ریٹائر ہونے والے تجربہ کار بلے بازوں مصباح الحق اور یونس خان کی کمی محسوس ہوتی رہے گی لیکن ہمیں دستیاب نوجوان ٹیلنٹ پر انحصار کرتے ہوئے انہیں سپورٹ بھی کرنا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ بہتر کمبی نیشن بنتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سری لنکا سے دو ٹیسٹ میچ ہارے کیونکہ ٹیم مصباح اور یونس کے بعد جدوجہد کررہی ہے اور آگے بھی کرے گی لیکن ہم انہی لڑکوں کو سپورٹ کرتے رہیں گے ۔ سابق کپتان نے اپنی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سری لنکا ٹیم ٹی20 میچ کھیلنے کیلئے پاکستان آ کر عالمی کرکٹ کی بحالی میں مزید کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے لاہور آمد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہوگا اور امید ہے کہ سری لنکا کے ٹاپ کھلاڑی پاکستان آکر کرکٹ کا میلہ سجائیں گے ۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی میچوں کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب بورڈ کو کراچی، ملتان اور راولپنڈی کی طرف جانا چاہیے کیونکہ ہمیں دنیا کو بتانا ہے صرف لاہور ہی نہیں بلکہ پورا پاکستان محفوظ ہے ۔ غور طلب ہے کہ سال 2009 میں لاہور واقع قذافی اسٹیڈیم کے باہر سری لنکا کرکٹروں کی ٹیم بس پر دہشت گردوں نے گولیاں برسا دی تھیں۔

About the author

Taasir Newspaper