آٹھ سال بعدسری لنکا، پاکستان کی سرزمین پر پھر رکھے گا قدم

، 17 اکتوبر (یو این آئی) سری لنکا کرکٹ ٹیم 2009 میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے باہر ٹیم بس پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی بری یادوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آٹھ سال بعد ایک بار پھر پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہے ۔ تاہم، سری لنکا کے کھلاڑیوں نے پہلے ہی پاکستان کے دورے پر جانے کے بارے میں مشکوک اظہار کیا۔اگرچہ اب یہ دورہ حقیقت بننے جا رہا ہے اور 29 اکتوبر کو لاہور میں سری لنکا کی ٹیم پاکستان کی میزبانی میں آٹھ سال بعد اس کی زمین پر ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلنے اترے گی۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ (ایس سی سی) نے اس کی تصدیق کی ہے ۔ کپتان اپل تھرنگا کے انکار کے باوجود سری لنکن کرکٹ بورڈ نے وعدے کے مطابق پاکستان میں تیسرا ٹی20 میچ کھیلنے کا اعلان کردیا ۔متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے بعد ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی جس کا آخری ٹی20 میچ لاہور میں کھیلا جائے گا اور سری لنکا کرکٹ نے آج اس کو منظوری دے دی ہے ۔ لاہور میں ٹی20 میچ کے حوالے سے سری لنکا ٹیم کے دورہ پاکستان پر ابہام برقرار تھا اور گزشتہ دو ماہ سے حکومت پاکستان، سری لنکا حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ اور آزاد سیکیورٹی ماہرین کی مدد سے دورے کا جائزہ لیا جا رہا تھا۔ آج سری لنکا کرکٹ بورڈ کا لاہور میں ٹی20 کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ورلڈ الیون کے کامیاب دورے کے نتیجے میں آئی سی سی کی سیکیورٹی ٹیم کی کلیئرنس ملنے پر سری لنکا حکام نے بھی دورہ پاکستان کی منظوری دے دی۔ ادھر محدود اوورز کی کرکٹ میں سری لنکا ٹیم کے کپتان اپل تھرنگا نے لاہور میں ٹی20 میچ کیلئے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے اور ان کی غیر موجودگی میں اب کشل پریرا کو قیادت کی ذمے داری سونپے جانے کا امکان ہے ۔ سری لنکا سلیکشن کمیٹی میچ کیلئے 17 اکتوبر کو ابتدائی 22رکنی اسکواڈ کا اعلان کرے گی جس کے بعد 20 اکتوبر کو 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی20 میچ لاہور میں 29 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔