غلامی کی نشانیوں کو مٹانے کا میں حامی:اعظم

رام پور،17اکتوبر(یواین آئی)دنیا میں مشہور تاج محل کے بارے میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)رہنما سنگیت سوم کے متنازعہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی(ایس پی)کے جنرل سکریٹری اعظم خاں نے کہا ہے کہ غلامی کی نشانیوں کو مٹانے کے وہ حامی ہیں لیکن اس معاملے میں حتمی فیصلہ مرکزی حکومت کولینا ہے ۔مسٹر خاں نے کل دیر شام یہاں نامہ نگاروں سے کہا،”میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ ملک میں غلامی کی ان سبھی نشانیوں کو مٹا دینا چاہئے جن سے کل کے حکمرانوں کی بو آتی ہے مگر تاج محل پر فیصلہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو لینا ہے ۔”بی جے پی رہنما سنگیت سوم کے تاج محل کے سلسلے میں دئے گئے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر سماجوادی رہنما نے کہا کہ گوشت کے کارخانے چلانے والوں کو اپنی رائے دینے کا حق ہی نہیں ہے ۔غلامی کی نشانی کہنے والوں کا پورے ملک میں راج ہے ،پھر کہنے کے بعد وہ پیچھے کیوں ہٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاج محل ہی نہیں پارلیمنٹ ،قطب مینار،دہلی اور آگرہ کا لال قلعہ جیسی غلامی کی نشانیوں کو گرادینا چاہئے ۔