امام الحق کی ڈیبو سنچری ، پاکستان کا سیریز پر قبضہ

ابوظہبی، 20 اکتوبر (یو این آئی) اپنا پہلا میچ کھیل رہے 21 سال کے نوجوان بلے باز امام الحق (100) کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 45 گیند باقی رہتے سات وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی ایک روزہ سیریز میں ناقابل تسخیر 3۔0 کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ یہاں شیخ زید اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.2 اوورز میں 208 رنز بنائے جسے پاکستان نے امام الحق (100) کی شاندار سنچری کی بدولت 42.3 اوور میں تین وکٹ پر 209 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔ مین آف دی میچ امام الحق نے 125گیندوں میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگاکر اپنے پہلے ون ڈے میچ میں سنچری بنائی ہے ۔ وہ دنیا کے 13ویں اور پاکستان کے دوسرے ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے اپنے پہلے یک روزہ میچ میں ہی سنچری لگائی ہے ۔ اس سے پہلے 1995 میں سلیم الہی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ امام الحق نے فخرزمان کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے 78، بابر اعظم 66رن اور محمد حفیظ (ناٹ آ¶ٹ 34) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 59رن کی شراکت داری کی ہے ۔ وہ 41ویں اوورکی آخری گیند پر تیز گیند بازتشارا پریراکی گیند پر وکٹ کیپر نروشن ڈکویلا کے ہاتھوں کیچ آ¶ٹ ہوئے ۔ سری لنکا کے تیز گیندبازلاہیرو گیمیز نے 35رن ، لیگ اسپنر جیفری وینڈرسے نے 43رن اور پریرا نے 22رن دے کرایک ایک وکٹ حاصل کیا ۔ اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور سلامی بلے باز نیروشن ڈکویلا اور کپتان اپل تھرنگا نے پہلے وکٹ کے لئے 59رن کی ساجھیداری کی۔ تھرنگا نے 80 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 61رن بنائے ۔ اس کے علاوہ تشارا پریرا نے 37گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 38، لاہروتریمانے نے 45 گیندوں پر 28رن جکہ دنیش چانڈیمل اور چمارا کپوگیدرا نے بالترتیب 19اور 18رن کا تعاون دیا۔ پاکستان کے لئے تیزگیندباز حسن علی نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے 34رن دے کر پانچ وکٹ لیے ۔ حسن پاکستان کے پہلے ایسے گیندباز بن گئے ہیں جنہوں نے ون ڈے میں سب سے تیز 50وکٹ لیے ہیں۔ حسن نے 24گیندوں میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ اس سے قبل وقار یونس نے 27میچوں میں 50وکٹ لیے تھے ۔ شاداب خان نے 37رن پر دو وکٹ اور محمدحفیظ اور جنید خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کیے ہیں۔ امام الحق کو پہلے ہی میچ میں فتح گر سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس سے قبل جب میچ شروع ہوا تو پاکستان نے اپنی ٹیم میں دو اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے احمد شہزاد کو باہر کرتے ہوئے امام الحق کو ڈیبیو کرایا جبکہ عماد وسیم کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ۔