بغیر اجازت گھر میں داخل ہونے پر تھوک چاٹنے اور 25 چپل کی سزا کی ویڈیو وائرل

Taasir Urdu News | Uploaded on 20-OCTOBER-2017

نالندہ،20 اکتوبر ( نمائندہ ) بہار میں شہ زوروں نے ایک بار پھر اپنی حرکت سے ریاست کو شرمسار کردیا ہے۔ نالندہ ضلع میں ایک شہ زور سرپنچ نے 54 سال کے ایک غریب کو ایسی سزا دی جس سے انسانیت شرمسار ہوگئی ۔ اس کی غلطی اتنی تھی کہ وہ بغیر دروازہ کھٹکھٹا ئے سرپنچ کے گھر داخل ہوگیا۔ واقعہ بہار کے نالندہ ضلع کے نور سرائے بلاک کے تحت اجے پور پنچایت کا ہے۔ جہاں 54 سال کے شخص مہیش ٹھاکر کا سرپنچ کے گھر میں بغیر دروازہ کھٹکھٹائے داخل ہونا کافی مہنگا پڑ گیا۔ اس غریب کی گستاخی پر سر پنچ اور اس کے خاندان کے لوگوں نے بے رحمی دکھائی ۔ پہلے توگھر کی خواتین نے اسے چپلوں سے پیٹا پھر اس غریب کو تھوکنے کو کہاگیا اور دوبارہ اس تھو ک کو اسے چاٹنے کو بھی مجبور کیا گیا ۔ مہیش ٹھاکر نام کے اس شخص کو سزا دینے والے دبنگ سرپنچ کا نام سریندر یادو ہے۔ نالندہ ضلع کے ڈی ایم تیاگ راجن نے میڈیا کو بتایا کہ مہیش ٹھاکر بدھ کی رات سرپنچ کے گھر کھینی مانگنے گیا تھا۔ اس وقت گھر میں کوئی مرد موجود نہیں تھا۔ اس واقعہ کے اگلے دن دو پہر کو پنچایت بلائی گئی۔ پنچایت میں طالبانی فرمان جاری کرتے ہوئے پہلے تھوک چاٹنے کی سزا سنائی گئی ۔ دبنگوں کے خوف سے متاثر نے زمین پر تھوک پھیک کر چاٹ لیا۔ پھر متاثر کو خواتین کے ذریعہ چپل سے پیٹا گیا۔ پولس کی مانیں تو سزا 25 چپل مارنے کی دی گئی تھی ۔ لیکن بعد میں گھٹاکر اسے 5 چپل کردیا گیا تھا۔ نالندہ ڈی ایم نے ایس ڈی او سدھیر کمار کو پر موقع پر واقعہ کی تفصیلی جانکاری لینے کو بھیجا ۔جس میں متاثر نے یہ قبول کیا کہ وہ بغیر دروازہ کھٹکھٹائے سرپنچ کے گھر گھس آیا تھا۔ بتادیں کہ متاثر نائی کمیونیٹی سے آتا ہے ۔ وہیں اس پورے واقعہ کا ویڈیو کسی نے موبائل سے شوٹ کر لیا ۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد علاقہ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے پر بہار کے سڑک تعمیر کے وزیر نند کشور یادو نے کہا ہے کہ ایسے واقعہ کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔ قصور واروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وہیں سر پنچ کے لواحقین کا الزام ہے کہ مہیش ٹھاکر گندی نیت سے گھر میں داخل ہوا تھا۔