راجرفیڈرر سیمی فائنل میں پہنچے

باسل، 28 (یواین آئی) ٹاپ سیڈیافتہ سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے فرانس کے ایڈرین منیرنو کو چار۔چھ، چھ۔ایک اور چھ۔تین سے شکست دے کر اپنے گھریلو ٹینس ٹورنامنٹ باسل انٹرنیشنل کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ یہاں اپنے آٹھویں خطاب کی تلاش میں مصروف عالمی نمبر دو کھلاڑی کو جمعہ کو کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں 28 ویں درجہ بندی کے کھلاڑی کے خلاف فتح حاصل کرنے میں کافی محنت کرنی پڑی تھی ۔ پہلا سیٹ ہارنے کے بعد فیڈرر نے اپنے کھیل کا معیار بلند کرتے ہوئے اگلے دو سیٹ میں فرانسیسی کھلاڑی کو کوئی موقع نہیں دیا۔فیڈرر کا سیمی فائنل میں تیسری سیڈ بیلجئیم کے ڈیوڈ گافن سے مقابلہ ہوگا جنہوں نے ایک دیگر کوارٹر فائنل میں امریکہ کے جیک سوک کو سات۔چھ، چھ۔تین سے شکست دی۔ دنیا کے چوتھے نمبر کے کھلاڑی کروشیا کے مارن سلچ کو بھی فیڈرر کی طرح جیت حاصل کرنے کے لئے کافی جدوجہد کرنی پڑی ۔ انہوں نے 100 ویں رینکنگ کے ہنگری کے مارٹن فوکسوکس کو تین گھنٹے سے بھی زیادہ وقت میں 7-6 5-7 7-6 سے شکست دی۔ سلچ کا اگلا مقابلہ ارجنٹینا کے جوآن مارٹن ڈیل پوترو سے ہوگا جنہوں نے اسپین کے رابرٹ بتستا کو 6-2 2-6 6-4 سے شکست دی۔