آج کا شماره | اردو | हिन्दी | English
Politics

جہیز مخالف مہم میں ہریندر سنگھ کی مدد بھی لی جائے گی: نتیش

01
Written by Taasir Newspaper

پٹنہ 29 اکتوبر (تاثیر بیورو): جہیز کے بغیر شادی کی مہم شروع ہونے کے بعد بہار میں اس کے اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔ آرہ میں 4 اکتوبر کو منعقد مہایگیہ میں وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کم عمری کی شادی اور جہیز کی لعنت کے خلاف چلائی جارہی مہم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ آپ کا تعاون حاصل ہوا تو ہم یقینی طور پر اس سماجی برائی کومٹانے میں کامیاب ہوںگے۔ وزیراعلیٰ کی اس اپیل کے بعد بھوجپور ضلع کے برناﺅں کے باشندہ سابق ایم ایل اے ہریندر سنگھ نے اپنے بیٹے کی شادی کیلئے لڑکی والوں کی طرف سے دی گئی جہیز کی رقم کو لوٹا دیا تھا۔ والد ہریندر سنگھ اور والدہ لیلاوتی دیوی نے اپنے بیٹے پریم رنجن سنگھ کی شادی بھوجپور ضلع کے جمال پور گاﺅں کے باشندہ پرمود سنگھ اور نرملا دیوی کی بیٹی کماری انورادھا کے ساتھ طے کی تھی لیکن مہایگیہ میں وزیراعلیٰ کے خطا سے متاثر ہوکر جہیز کی رقم لوٹا کر ایک مثال پیش کی۔ آج سابق ایم ایل اے ہریندر کمار سنگھ نے وزیراعلیٰ نتیش کمار سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے ان کی اس پہل پر مسرت کااظہار کیا اور ان سے گلے لگ کر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہریندر سنگھ کا یہ قدم سماج کیلئے ایک مثال بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادی اور جہیز کی لعنت کے خلاف چلائی جارہی مہم میں ان کی سرگرم شراکت ضروری ہے۔ اس موقع پر جنتا دل یو کے ریاستی صدر وششٹھ نارائن سنگھ، بھوجپور کے ضلع جنتا دل یو صدر اشوک شرما بھی موجود تھے۔

About the author

Taasir Newspaper