فاروق عبداللہ پھر این سی کے صدر منتخب

سری نگر ، 29 اکتوبر (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر کی سب سے قدیم مین اسٹریم سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس نے سابق وزیر اعلیٰ اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو ایک بار پھر پارٹی کا سربراہ (صدر) منتخب کرلیا ہے ۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ‘فاروق عبداللہ کو بدستور نیشنل کانفرنس کا صدر برقرار رکھنے کا فیصلہ ہفتہ کے روز ہونے والی پارٹی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں لیا گیا تھا۔ اتوار کو شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد تاریخی ڈیلی گیٹس سیشن میں اس فیصلے کو کشمیر اور جموں خطوں کے صوبائی صدور اور ڈیلی گیٹس حضرات کی تائید حاصل ہوئی’۔ 80 سالہ فاروق عبداللہ چار بار ریاست کے وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔وادی میں گذشتہ ہفتے یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ عمر عبداللہ کو پارٹی کی کمان سونپی جائے گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق عمر عبداللہ اپنے والد فاروق عبداللہ کو پارٹی امور میں تعاون کرنے کے لئے ‘کارگذار صدر ‘ کا عہدہ برقرار رکھیں گے ۔پندرہ برس کے وقفہ کے بعد منعقد ہونے والی ڈیلی گیٹس سیشن میں اتوار کو پارٹی کے صوبائی صدر کشمیر ناصر اسلم وانی نے صدر کے عہدے کے لئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا نام تجویز کیا۔جموں کے صوبائی صدر دیویندر سنگھ رانا نے اس تجویز کی حمایت کی جبکہ ڈیلی گیٹس سیشن میں موجود ہزاروں پارٹی ڈیلی گیٹس نے تالیاں اور فاروق عبداللہ کے حق میں نعرے بازی کرکے اس تجویز (فیصلے ) کی تائید کی۔قابل ذکر ہے کہ فاروق عبداللہ سنہ 1981 سے نیشنل کانفرنس کی قیادت کررہے ہیں۔ اگرچہ اس دوران سنہ 2002 میں عمر عبداللہ کو پارٹی کا صدر چنا گیا، تاہم 2009 ءمیں بحیثیت وزیر اعلیٰ ریاست کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد فاروق عبداللہ کو واپس پارٹی صدر بنایا گیا۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ چاہتے تھے کہ پارٹی کی کمان کلی طور پر عمر عبداللہ کو سونپی جائے ، لیکن ہفتہ کو منعقدہ ورکنگ کمیٹی اجلاس میں بیشتر اراکین بشمول عمر عبداللہ نے فاروق عبداللہ کو برقرار رکھنے کے حق میں بولا۔