ڈیوڈ ملر نے بنایا تیز ترین سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ

پاچیف اسٹروم، 30 اکتوبر (یو این آئی) دھماکہ خیز بلے باز ڈیوڈ ملر (ناٹ آ¶ٹ 101 رن) کی ٹونٹی۔20 تاریخ کی سب سے تیز سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹونٹی۔20 بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 83 رن سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں 2۔0 سے کلین سوئپ کرلیا۔ اتوار کو یہاں ہوئے مقابلے میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ملر نے اپنی جارحانہ اننگز سے بنگلہ دیش کے اس فیصلے کو پوری طرح غلط ثابت کردیا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ملر کی ناٹ آ¶ٹ سنچری کی بدولت مقررہ 20 اووروں میں چار وکٹ پر 224 رن کا بڑا اسکور بنایا اور پھر مہمان بنگلہ دیش کو 18.3 اووروں میں 141 رن پر ہی سمیٹ کر 83 رن سے میچ اپنے نام کرلیا۔ اٹھائیس سالہ ملر نے صفر پر ملی نئی زندگی کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے صرف 36 گیندوں میں سات چوکوں اور 9 فلک بوس چھکوں کی مدد سے ناٹ آ¶ٹ 101 رن بناکر ٹونٹی۔ 20 تاریخ کی سب سے تیز سنچری بنائی۔ ٹونٹی۔ 20 کیریئر میں ملر کا یہ بہترین اسکور ہے ۔ ملر نے صرف 35 گیندوں میں سنچری بناکر ہم وطن رچرڈ لیوی کی 2012 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 45 گیندوں میں بنائی گئی سنچری کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ انہوں نے اپنے پہلے 50 رن 23 گیندوں میں اور اگلی نصف سنچری 12 گیندوں میں مکمل کی۔ ملر ایسے پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے چوتھے نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے ٹونٹی۔ 20 میں سنچری بنائی ہے ۔ ملر نے محمد سیف الدین کی اننگز کے 19 ویں اوور کی پہلی پانچ گیندوں میں لگاتار پانچ چھکے لگائے لیکن آخری گیند پر ایک رن لینے سے وہ ہندوستان کے یوراج سنگھ کے ریکارڈ کی برابری کرنے سے محروم رہ گئے ۔ ملر کے علاوہ اوپنر ہاشم آملہ نے 51 گیندوں میں 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 85، اے بی ڈی ویلیئرس نے 15 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 20 اور فرحان بہاردین نے پانچ گیندوں میں ناٹ آ¶ٹ چھ رن بنائے ۔ بنگلہ دیش کے لئے سیف الدین اور شکیب الحسن نے دو دو وکٹ لئے ۔ جنوبی افریقہ کے 225 رن کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی ٹیم 18.3 اوور میں 141 رن پر سمٹ گئی۔ اوپنر سومیہ سرکار (44) کو چھوڑکر کوئی بھی بلے باز جنوبی افریقہ کے گیند بازوں کے سامنے ٹک نہیں پایا۔ سرکار نے 27 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رن بنائے ۔ اس کے علاوہ محمد اللہ نے 20 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 24، محمد سیف الدین نے 26 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 23 اور مہدی حسن معراج نے 10 گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے 13 رن کا تعاون دیا۔ جنوبی افریقہ کے لئے جے پی ڈومنی نے 23 رن پر دو وکٹ، آرون فینگسو نے 31 رن پر دو وکٹ لئے ۔ اس کے علاوہ ہنرکس، فائل لنک، پریٹوریس اور فہلک وایو کو ایک ایک وکٹ ملا۔