3 سال میں 65 فیصد ترقیاتی کام پورے: کھٹر

کرنال 30 اکتوبر (ایجنسی): وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ تین سال میں 65 فیصد ترقیاتی کام پورے ہوچکے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ اسمارٹ سیٹی منصوبے کے تحت کرنال میں 1200 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیںگے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے خود روزگار کیلئے شہر میں پلاسٹک کورس انسٹی چیوٹ بنے گا اور شہر کے داخلی دروازے پر عظیم شخصیات کے نام پر استقبالیہ گیٹ بھی بنوائے جائیںگے۔ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ ہڈا پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ اپنوں سے ملتے تھے لیکن میرے لئے تو پورا صوبہ ہی اپنا ہے۔ میں سبھی سے دل کھول کر ملتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے لوگوں سے براہ راست ملتے ہیں اور جنتا دربارکا اہتمام کرتے ہیں۔