نہرا کو کامیاب الوداعیہ دینے اترے گی ٹیم انڈیا

نئی دہلی، 31 اکتوبر (یو این آئی) وراٹ کوہلی کی ٹیم انڈیا نیوزی لینڈ سے یک روزھہ سیریز جیتنے کے بعد مہمان ٹیم کے خلاف بدھ کو یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں ہونے والے پہلے ٹی- 20 بین الاقوامی میچ میں بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز آشیش نہرا کو کامیاب وداعی دینے کے ارادے سے اترے گی۔ دہلی کے نہرا نے حال ہی اعلان کیا تھا کہ یکم نومبر کو دہلی میں ہونے والا یہ میچ ان کا آخری میچ ہوگا اور اس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے ۔ نہرا کے اس اعلان کے بعد قومی سلیکٹروں نے دنیا کی نمبر ایک ٹوئنٹی -20 ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹوئنٹی۔ 20 سیریز کے لئے نہرا کو ٹیم میں شامل کر لیا۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نہرا کو پہلے میچ کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور ان کے آخری الیون میں کھیلنے کا فیصلہ کپتان وراٹ کوہلی اور ٹیم انتظامیہ پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ قومی انتخابی سربراہ اہم ایم ایس کے پرساد نے ٹیم کا اعلان کرنے کے بعد واضح کیا تھا کہ نہرا نے بورڈ سے وداعی میچ کے لئے نہیں کہا تھا اور وہ آخری الیون میں کھیلتے ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ ٹیم انتظامیہ کرے گی۔ نہرا آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی 20 ٹیم کا حصہ تھے لیکن انہیں کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل پایا تھا۔ 38 سالہ نہرا کا پہلے میچ کے لئے ٹیم میں شامل کیا جانا کم از کم اس بات کا اشارہ تو دیتا ہے کہ زندگی سے بھرپور اس تیز گیند باز کو میدان سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کو الوداع کہنے کا بے مثال موقع مل سکے گا۔ نہرا کے لئے اس سے بڑی بات اور کیا ہوگی کہ اگر انہیں ایسا موقع ملتا ہے تو یہ ان کا گھریلو میدان ہوگا اور ان کے سامنے اپنی دہلی کے شائقین ہوں گے ۔ ہندستانی کرکٹ میں آخری مرتبہ میدان سے رخصت ہونے والے کھلاڑی ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر تھے جنہوں نے اپنا 200 واں ٹسٹ کھیل کر اپنے گھریلو میدان ممبئی سے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہا تھا۔ میدان سے ریٹائرمنٹ لینے کی کامیابی راہل دراوڑ، وی وی ایس لکشمن اور وریندر سہواگ جیسے بڑے کھلاڑی حاصل نہیں کر پائے تھے ، لیکن اگر دہلی کے ہی کھلاڑی وراٹ اپنے سینئر نہرا کو ایسا موقع دیتے ہیں تو ہندستانی کرکٹ میں ایک نیا باب شامل ہوجائے گا۔ کوٹلہ میں اسی کے ساتھ ایک اور نیا باب بدھ کو اس میدان سے منسلک ہو جائے گا۔ انڈین ٹیم پہلی مرتبہ ٹی ۔ 20 بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔کوٹلہ میں گزشتہ سال ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے چار میچ کھیلے گئے تھے لیکن ان میں کوئی بھی میچ ہندستانی ٹیم کا نہیں تھا۔ان میں سے نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ایک میچ کھیلا تھا، جس میں اسے سات وکٹوں سے شکست ملی تھی۔ ہندستان کے لئے ، یہ میچ کئی معنوں سے اہم ہے ۔ اگر اسے کوٹلہ میں اپنے پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں نہرا کو کامیاب وداعی دینی ہے تو اسے کیویوں کے خلاف پہلے ٹوئنٹی – 20 میچ میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔ ہندستان نے 2007 سے 2016 تک نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 میچ کھیلے ہیں لیکن اسے پانچ میچوں میں ہی شکست ملی ہے ۔ ٹیم انڈیا کے لئے اگرچہ یہ آسان کام نہیں ہو گا کیونکہ نیوزی لینڈ ٹوئنٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں 125 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ٹیم ہے جبکہ ہندستان 116 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔ہندستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز میں جس طرح چیلنج کیا ہے اس سے یہ تو یہ طے ہے کہ کرکٹ کے اس سب سے چھوٹے فارمیٹ میں مقابلہ دلچسپ اور سخت ہوگا۔ ہندستان کو دھیان دینا ہوگا کہ آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز1۔4 سے جیتنے کے بعد20۔ 20 سیریز میں 1-1 کے برابررہی تھی۔ نیوزی لینڈ نے بھی ہندستان پہنچتے ہی اپنا پہلا ون ڈے میچ جیت لیا تھا۔حالانکہ ہندستان نے شاندار واپسی کی اور اگلے دو ون ڈے جیت کر مسلسل ساتویں دو رخی سیریز اپنے نام کرلی۔ وراٹ کو ٹوئنٹی 20 میں اس سلسلے کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ ہندستان کے پاس جانباز کھلاڑی موجود ہیں جو یہ کام بخوبی انجام دے سکتے ہیں۔ شکھر دھون، روہت شرما، وراٹ کوہلی، ہاردک پنڈیا اور مہندر سنگھ دھونی جیسے آتشی بلے بازوں کو روکنے کے لئے کیوی گیند بازوں کو ایڑی چوٹی کا زور لگانا ہوگا۔ ون ڈے رینکنگ میں دوبارہ نمبر ون بن چکے وراٹ نے ون ڈے سیریز میں دو سنچریاں لگائیں۔ وہیں میچ میں سب کی نگاہیں ٹیم میں شامل کئے گئے دو نئے چہرے شریس ایر اور محمد سراج پر ہونگی۔ حیدرآباد کے نوجوان تیز گیند 23 سالہ سراج نے انڈیا اے کے لئے جنوبی افریقی دورے اور نیوزی لینڈ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا وہیں ممبئی کے بلے باز شریس نے بھی آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ڈبل سنچری لگاکر سہ رخی سیریز کے فائنل میں ٹیم کو فتح دلائی تھی۔