جموں اور کشمیر

پروین توگڑیا تین روزہ دورے پر جموں پہنچے

Written by Taasir Newspaper

جموں، 3 نومبر (یو ا ین آئی) وشوا ہندو پریشد کے بین الاقوامی صدر پروین توگڑیا اپنے تین روزہ دورے پر جمعہ کو ریاست کی سرمائی دارالحکومت جموں پہنچ گئے ۔ شعلہ بیان لیڈر ڈاکٹر توگڑیا اپنے دورے کے دوران یہاں ‘ہندو ہیلپ لائن’ کا افتتاح کرنے کے علاوہ سول سوسائٹی کے اراکین اور دوسرے لوگوں کے ساتھ میٹنگیں کرکے جموں وکشمیر کی موجودہ صور تحا ل سے متعلق معلومات حاصل کریں گے ۔ وہ 5 نومبر کو واپس نئی دہلی روانہ ہوں گے ۔ وی ایچ پی صدر نے جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ اپنی مختصر بات چیت میں اپنے دورے کے اغراض و مقاصد بیان کئے ، لیکن ’دفعہ 35اے ‘اور علیحدگی پسندوں سے متعلق سوالات کو یہ کہتے ہوئے ٹال دیا کہ وہ ہفتہ کو ‘ہندو ہیلپ لائن’ کے افتتاح کے موقع پر ہر ایک موضوع پر بات کر یں گے ۔ انہوں نے کہا ‘آج یہاں وکیلوں کی میٹنگ ہونے جارہی ہے ۔ اس میں غریب ہندو ں کو مفت قانونی مدد فراہم کرنے کے مسئلے پر بات چیت ہوگی۔ پروین توگڑیا نے کہا‘کل (ہفتہ کو) ہندو ہیلپ لائن کی آل انڈیا میٹنگ یہاں منعقد ہوگی۔ بھارت میں کسی بھی ہندو کو مدد کی ضرورت ہے ، تو اسے بغیر کسی سفارش کے مدد فراہم کرنا اس ہیلپ لائن کا بنیادی مقصد ہے ‘۔ انہوں نے دفعہ 35اے اور علیحدگی پسندوں سے متعلق سوالات کو یہ کہتے ہوئے ٹال دیا کہ ہفتہ کے روز میڈیا کو بلایا جائے گا اور میں ہر ایک موضوع پر بات کروں گا۔ وی ایچ پی ذرائع نے بتایا ‘یہ ہیلپ لائن پارٹی کی طرف سے دنیا بھر میں شرو ع کردہ خدمات کا حصہ ہے ‘۔ انہوں نے بتایا کہ ‘ہندو ہیلپ لائن’پورے دنیا میں شروع کی گئی ہے اور اس کا مقصد دنیا بھر میں مقیم ‘ہندو ں‘کی بہبودی کو یقینی بنانا ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا ’وی ایچ پی لیڈر (توگڑیا)یہاں سول سوسا ئٹی کے اراکین اور دانشوروں کے سا تھ میٹنگ کرکے جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق فیڈ بیک حاصل کریں گے ‘۔

About the author

Taasir Newspaper