دنیا بھر سے

کوئی آمر امریکی عزائم کو کمزور نہ سمجھے : ٹرمپ

Written by Taasir Newspaper

واشنگٹن 5نومبر ( آئی این ایس انڈیا ) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کو جاپان میں یوکوٹا فضائی اڈے پر امریکی فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص یا کوئی بھی آمر یا پھر کوئی بھی حکومت امریکی عزائم کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرے ۔ ان کا یہ بیان تقریباً دو ہفتوں پر محیط اس دورہ ایشیا کے آغاز پر سامنے آیا ہے جس میں توقع ہے کہ گفتگو کا محور شمالی کوریا رہے گا۔امریکی فوجیوں سے خطاب کے بعض مندرجات کو شمالی کوریا کے لیے ڈھکے چھپے الفاظ میں تنبیہ بھی تصور کیا جا رہا ہے۔صدر نے فوجیوں سے بات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ ان ظالم حکمرانوں اور آمروں کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں جو معصوم لوگوں کو شکار بناتے ہیں۔جاپان پہنچنے سے پہلے اپنے جہاز پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران جب وائس آف امریکہ کے نامہ نگار اسٹیو ہرمن نے صدر سے پوچھا کہ وہ شمالی کوریا کے لوگوں کے لیے کوئی پیغام دینا چاہیں گے تو ان کا کہنا تھا وہ سمجھتے ہیں، شمالی کوریا کے لوگ بڑے اور سمجھ دار ہیں ۔ میں سمجھتا ہوں کہ وہ پر جوش ہیں، اس سے کہاں زیادہ جتنا دنیا ان لوگوں کو جانتی اور سمجھتی ہے۔ وہ عظیم لوگ ہیں۔ اور یہ بہت اہم رہے گا اگر ہم ان لوگوں کے کام کر سکیں۔ گویا ہم ان کی امداد کرسکیں ۔ٹرمپ نے یہ اشارہ بھی دیا کہ فلپائن میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر ان کی اپنے روسی ہم منصب ولادیمر پوتن سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔

About the author

Taasir Newspaper