کوہلی ٹی-20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بلے باز

0
37

نئی دہلی ، 05 نومبر (یو این آئی) ہندستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں 65 رنز کی بہترین اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے تونہ بچا سکے تاہم ٹی ٹوئنٹی طرز کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے ۔ کوہلی نے سری لنکا کے سابق کپتان تلک رنتے دلشان کے ریکارڈ کو توڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا جنھوں نے 1889 رنز بنا رکھے تھے ۔راجکوٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ نے ہندستان کو 40 رنز کی شکست سے دوچار کردیا تھا اور ہندستان کی جانب سے کوہلی کے علاوہ سابق کپتان ایم ایس دھونی نے 45 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تھی۔ نیوزی لینڈ کے کولن منرو نے اپنے کیریئر کی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری بناتے ہوئے 109 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے تھے جو اس طرز میں پانچویں سنچری اور نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری سنچری ہے ۔کولن منرو ٹی ٹوئنٹی میں بیٹ کیری کرنے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ رنز بنانے کا عالمی اعزاز نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میک کولم کو حاصل ہے جنھوں نے 2140 رنز بنا ئے تھے ۔نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل 1855 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں جنھوں نے ہندستان کے خلاف 45 رنز کی اننگز میں یہ اعزاز پاکستان کے شعیب ملک سے چھین لیا جو 1821 رنز بنا کر پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔ افغانستان کے محمد شہزاد اس فہرست میں 1779 رنز بنا کر چھٹے نمبر پر ہیں۔جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومینی 1700، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 1696، پاکستان کے عمراکمل 1690 اور جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ولیئرز 1672 رنز بنا کر بالترتیب ساتویں ، آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے محمد حفیظ نے ٹی ٹوئنٹی میں 1658 رنز بنا ئے ہیں۔ اور وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں گیارھویں نمبر پر ہیں۔