دبئی29 نومبر(یو این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں آسٹریلیائی کپتان اسٹیون ا سمتھ بدستورسرفہرست بلے باز ہیں۔ گیند اندازوں میں جیمز اینڈرسن بھی پہلے ایشز ٹیسٹ میں بے رنگ کارکردگی کے باوجود ٹاپ پر ہیں۔ آل را¶نڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سرفہرست ہیں۔ آئی سی سی نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ اور ہندستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے ۔ پہلے ایشز ٹیسٹ میں 141 رن کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ بلے بازوں میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے چتیشور پجارا دو درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے البتہ انگلش کپتان جو روٹ اور کیوی قائد کین ولیمسن تنزلی کے بعد بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر چلے گئے ۔ سری لنکا کے خلاف شاندار ڈبل سنچری اسکور کرنے کے باوجود ہندستانی کپتان ویراٹ کوہلی پانچویں اور وارنر چھٹے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ اظہر علی ایک درجہ ترقی پا کر آٹھویں نمبر پر آ گئے ۔ ہندستان کے لوکیش راہل تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلے گئے جبکہ ڈین ایلگر ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے ، دیگر کھلاڑیوں میں مرلی وجے ترقی کے ساتھ 28ویں نمبر پر آ گئے ۔ گیند اندازوں میں پہلے ایشز ٹیسٹ میں مایوس کن کھیل پیش کرنے کے باوجود انگلش فاسٹ با¶لر جیمز اینڈرسن سرفہرست ہیں، رویندرا جدیجہ ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئے جبکہ روی چندرن ایشون چوتھے ، رنگنا ہیراتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلیائی تیز گیند انداز مچل سٹارک کو بھی اس بار ٹاپ ٹین میں جگہ مل گئی۔دوسری طرف اسٹورٹ براڈ ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے ۔