امریکی سیاحوں کو مندر کے سامنے نیم برہنہ سیلفی مہنگی پڑ گئی

بنکاک 30نومبر (آئی این ایس انڈیا) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں دو امریکی سیاحوں کو مشہور مندر واٹ آرون کے سامنے برہنہ تصویر بنانے پر گرفتار کر لیا گیا۔یہ تصویر ان دونوں نے سماجی رابطوں کی سائٹس ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر پوسٹ کی تھیں۔برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے تھائی لینڈ کے امیگریشن حکام کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ گرفتار کیے گئے سیاحوں جوزف اور ٹریوس ڈیسلوا کی عمریں 38 برس ہیں اور انھیں جرمانے کے بعد ملک بدر کر دیا جائے گا۔تھائی لینڈ میں بدھ مت کی توہین اور اس پر کسی بھی قسم کا حملہ تصور کیے جانے والے افعال کے لیے سخت قوانین ہیں۔ ان دونوں سیاحوں کو منگل کی شام ڈون مویانگ کے ہوائی اڈے پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ملک چھوڑ کر جا رہے تھے۔