امریکی فوجیوں کی تعداد اعلان کردہ اعداد شمار سے زیادہ

واشنگٹن 28نومبر (آئی این ایس انڈیا) امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نے پیر کے روز اپنی ایک رپورٹ میں مشرق وسطی میں جنگ کے میدانوں میں پھیلے ہوئے امریکی فوجیوں کی تعداد کا انکشاف کیا ہے جو اب تک سرکاری طور پر اعلان کردہ اعداد و شمار سے متجاوز ہیں۔رپورٹ کے مطابق رواں برس 30 ستمبر تک افغانستان میں 15298 ، عراق میں 8892 اور شام میں 1720 امریکی فوجی اہل کار موجود تھے۔یہ اعداد و شمار پینٹاگون کی جانب سے آخری چند ماہ کے دوران جاری کی گئی تعداد سے بڑی حد تک مختلف ہیں۔ سابقہ اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ امریکہ نے سرکاری طور پر شام میں 503 اور عراق میں 5262 فوجیوں کو تعینات کیا۔اعداد و شمار میں اس فرق کے حوالے سے پینٹاگون کے ترجمان روب میننگ نے باور کرایا کہ امریکہ تنازعات کا شکار ان ممالک میں اپنے تعینات فوجیوں کی در ست تعداد کا اعلان کرے گا۔ تاہم ترجمان نے اس اعلان کا کوئی وقت ذکر نہیں کیا۔ میننگ کا کہنا تھا کہ ’ہم دشمن پر اپنی قدرت کا انکشاف کیے بغیر حتی الامکان شفافیت کی پاسداری کریں گے‘۔ افغانستان میں سرکاری فورسز کی ابتر صور ت حال سے نمٹنے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹر مپ نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافے کی منظوری دی۔پینٹاگون کی جا نب سے اعلان کردہ آخری اعداد و شمار میں افغا نستان میں 14 ہزار امریکی فوجیوں کی موجودگی کا ذکر کیا گیا تھا۔