اندراگاندھی کو تاریخ کے صفحات سے مٹانا ناممکن:پرنب

نئی دہلی ،19نومبر (آئی این ایس انڈیا) ملک کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے 100ویں یوم پیدائش کے موقع پر جہاں پی ایم مودی نے انہیں ان کی جینتی کے موقع پر یاد کیا وہیں کانگریس صدر اور اندرا گاندھی کی بہو سونیا گاندھی نے بھی انہیں یاد کیا۔انہوں نے کہا کہ اندرا جی ملک کی آئرن لیڈی تھیں۔وہیں سابق صدرجمہوریہ پرنب مکھرجی نے کہا کہ اندرا گاندھی کو تاریخ کے صفحات سے مٹایانہیں جاسکتا۔سونیاگاندھی نے اس موقع پرایک پروگرام میں کہاکہ اندرا جی ذاتی مفادات کے خلاف ایک ویژن لے کرلڑیں۔انہوں نے کہاکہ سیکولر ازم کے لیے لڑیں اور ان لوگوں کے خلاف ہمیشہ کھڑی رہیں جو سماج کو مذہب اور ذات کی لکیریں کھینچ کربانٹ دینا چاہتے تھے۔اسی کے ساتھ بتا دیں کہ 17نومبر سے شروع ہوئی ایک نمائش میں ان سے جڑی کئی نایاب تصاویر پیش کی گئی ہیں۔اندرا کی شادی کا اصلی دعوت کارڈ اور ان کی ماں کی موت کے بعد مہاتما گاندھی کی جانب سے انہیں لکھا گیا ایک خط بھی ان نایاب تصاویر میں شامل ہے۔