ایران عرب دنیا کا اولین دشمن ہے:یمنی وزیراعظم

صنعاء،14نومبر (آئی این ایس انڈیا) یمن کے وزیراعظم احمد بن دغر گذشتہ شام ملک کے عبوری دارالحکومت عدن سے اپنی کابینہ کے بعض ارکان کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران عرب دنیا کا اولین دشمن ہے۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکو مت الریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جہاز سے اترنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بن دغر بے کہا کہ وہ چند روز سعودی عرب میں قیام کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے دورے کا مقصد یمنی حکو مت اور عرب اتحاد کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط کرنا، یمن میں آئینی حکومت کے استحکام میں اضافہ، باغیوں کو اسلحہ کی اسمگلنگ کی روک تھام اور جنگ سے متاثرہ شہریوں تک انسا نی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہے۔یمنی وزیراعظم ایک ایسے وقت میں سعودی عرب پہنچے ہیں جب عرب اتحاد نے یمن کی بند کی گئی بندرگاہیں اور بین الاقوامی ہوائی اڈ ے چوبیس گھنٹوں میں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں میں ہوائی اڈ ے اور بندرگاہیں بدستور بند رہیں گی۔احمد دغر نے کہا کہ یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی پڑوسی ملکوں اور پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ ایران تو عرب دنیا کا دشمن اول ہے۔احمد بن دغر نے یمنی باغیوں کی طرف سے عالمی جہاز رانی کے راستوں بالخصوص بحر احمر، باب المندب اور دیگر مقامات پر تیل بردار بحری جہازوں کو نشا نہ بنائے جانے کی دھمکیوں کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن اور عرب خطے میں ایرانی پروگرام آخری سانسیں لے رہا ہے۔
ایرانی توسیع پسندا نہ پروگرام کو یمن میں دفن کردیں گے۔