بھارت کی سب سے بڑی جیت، اشون کا عالمی ریکارڈ

ناگپور، 27 نومبر (یو این آئی) اسپنروں اور تیز گیندبازوں کے شاندار کھیل کی بدولت ہندستان نے سری لنکا کی ٹیم کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ہی لنچ سے تھوڑی دیر بعد 166 رن کے معمولی اسکور پر آ¶ٹ کرکے میچ ایک باری اور 239 رنوں سے جیت لیا اور اسی کے ساتھ میزبان ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں 0۔1 کی اہم برتری حاصل کرلی۔ اس سے قبل ہندستان نے مئی 2007 میں بنگلہ دیش کو ڈھاکہ میں ایک اننگ اور 239 رنوں سے ہرایا تھا اس طرح اس نے اپنے ٹیسٹ تاریخ میں سب سے بڑی کامیابی کی برابری بھی کرلی ہے یعنی اس نے سری لنکا کو بھی ایک اننگ اور 239 رنوں سے ہراکر اپنے ہی ریکارڈ کی برابری کرلی ہے ۔ کولکتہ میں ڈرا ہوئے پہلے ایڈن ٹیسٹ کی غلطیوں سے سبق لیتے ہوئے دنیا کی نمبر ایک ہندستانی ٹیم نے اس میچ میں آغاز سے ہی اپنا کنٹرول برقرار رکھا۔آف اسپنر روی چندرن اشون نے لاھرو گماگے (صفر) کا آخری وکٹ لے کر نہ صرف سری لنکا کی اننگ کو سمیٹا بلکہ اسی کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 300 وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس میچ میں اشون نے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکا کے خلاف کپتان وراٹ کوہلی کے ڈبل سنچری سمیت چار سنچریوں سے آراستہ اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹ پر 610 رن بنا کر باری ڈکلیئر کرنے والی ٹیم انڈیا نے سری لنکا کو دوسری اننگز میں چوتھے ہی دن لنچ کے کچھ دیر بعد 49.3 اوور میں 166 رن پر آ¶ٹ کرکے ایک اننگ اور 239 رنوں سے جیت اپنے نام کرلی۔ ہندستان کی اس فتح میں بلے بازوں کے بعد اس کے گیند بازوں کا بھی اہم کردار رہا جس میں تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون نے 63 رن پر چار وکٹ،بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ نے 28 رن پر دو وکٹ لئے ۔ تیز گیند بازوں میں ایشانت شرما نے 43 رن پر دو وکٹ اور امیش یادو نے 30 رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے ۔ میزبان ہندستان سے پہلی اننگز میں 405 رنوں سے پیچھے رہنے کے بعد سری لنکا نے چوتھے دن کی صبح ایک وکٹ پر 21 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور لنچ تک اس نے اپنے آٹھ وکٹ 145 رن پر گنوا دیئے ۔کپتان دنیش چانڈی مل اور سرنگا لکمل نے نویں وکٹ کے لئے 58 رن جوڑے ۔ چانڈی مل نے 82 گیندوں میں 10 چوکے لگا کر 61 رن بنائے جو اس میچ میں ان کی دوسری اور ٹیسٹ میں 15 ویں نصف سنچری ہے ۔ ان کے ساتھ لکمل نے ناٹ آ¶ٹ 31 رن بنائے ۔ انہوں نے 32 گیندوں میں دو چوکے اور ایک چھکہ لگایا۔ سری لنکا کے آخری دونوں ہی بلے بازوں نے دیر تک ٹکنے کی ہمت دکھائی لیکن بالآخر چانڈی مل کو 47 ویں اوور میں یادو نے اپنا شکار بنایا۔ سری لنکائی کپتان نے گیند کو تیزی سے ہوا میں فِلک کیا لیکن وہ آسانی سے اشون کے ہاتھوں میں آگئی جس سے ہندوستان کو ضروری نواں وکٹ مل گیا۔ حالانکہ دوسرے سرے پر لکمل ڈٹے رہے لیکن گماگے کو نو گیند بعد اشون نے بولڈ کرکے اپنے 300 وکٹ پورے کرلئے ۔ وراٹ کی قیادت میں ٹیم انڈیا کی سری لنکای ٹیم کے خلاف یہ لگاتار 10 ویں جیت بھی ہے جبکہ موجودہ ٹسٹ سیریز کا پہلا میچ کولکاتا میں ڈرا رہا تھا۔ اسی برس ہندوستان نے سری لنکا کو اسی کی سرزمین پر تینوں فارمیٹ میں 9۔0 شکست دی تھی۔ اس سے قبل سری لنکا نے صبح دن کا آغاز 21 رن پر ایک وکٹ سے آگے کیا تھا۔ اس وقت بلے باز دیمتھ کرونا رتنے (11) اور لاہیرو تریمانے (9پر) ناٹ آ¶ٹ تھے ۔ سری لنکا کے بلے بازوں نے میچ شروع ہونے کے چھ اوور تک ہندوستانی گیند بازوں کو وکٹ نہیں نکالنے دئے لیکن پھر کرونا رتنے 18 رن پر جڈیجہ کی شارٹ لیگ گیند پر مرلی وجے کو کیچ تھما بیٹھے ۔ تریمانے نے پھر ایک غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے تیز گیند باز امیش کی وائڈ ڈلیوری پر گیند کو چھیڑ دیا اور اس بار وہ جڈیجہ کو کیچ دیکر پویلین لوٹ گئے اور ہندوستان کے پہاڑ جیسے اسکور کے سامنے لڑنے کی اس کی امیدوں کو 48 رن پر تین وکٹ کے ساتھ زبردست جھٹکا لگا۔ تریمانے نے 62 گیندوں میں تین چوکے لگاکر 23 رن بنائے ۔ اس کے بعد باقی کھلاڑی بھی آتے اور جاتے نظر آئے ۔تجربہ کار آل را¶نڈر نیز سابق کپتان اینجیلو میتھیو بھی 32 گیندوں میں ایک چھکا لگاکر صرف 10 رن ہی بنا سکے ۔ انہیں جڈیجہ نے آ¶ٹ کرکے میچ میں اپنا دوسرا وکٹ لیا۔ وہیں وکٹ کیپر بلے باز نروشن (4) کو تیز گیند باز ایشانت نے اپنا شکار بنایا۔ آف اسپنر اشون نے اپنی کمر کستے ہوئے دانس شناکا (17)، دل روان پریرا (صفر) اور رنگنا ہیرات (صفر) کے وکٹ لیے اور سری لنکا کے نچلے آرڈر کو جلدی آ¶ٹ کیا اور ٹسٹ میں 299 وکٹ تک پہنچ گئے ۔ اس کے بعد سری لنکا کے آخری بلے باز لہیرو مگاگے کو (صفر) بولڈ کرکے جیت کی خانہ پوری کردی۔ ان کے لئے مگاگے کا وکٹ کافی قیمتی رہا کیونکہ اس سے نہ صرف ہندوستان کی جیت یقینی ہوئی بلکہ انہوں نے ٹسٹ میں اپنے 300 وکٹ بھی مکمل کرلئے ۔ اکتیس سالہ ہندوستانی آف اسپنر نے اسی کے ساتھ آسٹریلیا کے تیز گیند باز ڈینس للی کے سب سے تیز 300 ٹسٹ وکٹ کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ اشون نے 54 ٹسٹ میچوں میں یہ کامیابی حاصل کی جبکہ للی نے 56 میچوں میں 300 وکٹ لئے تھے ۔ ہندوستان اور سری لنکا کے مابین اب ٹسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ نئی دلی میں دو سے 6 دسمبر کو کھیلا جانا ہے۔