بے خوف جرائم پیشوں نے صرافہ تاجر کو دن دہاڑے لوٹا

مظفر پور ،18 نومبر ( نمائندہ ) بے خوف جرائم پیشوں نے بڑے واقعہ کو دن دہاڑے انجام دیا ہے ۔موتی پور تھانہ علاقہ کے پنسلوا چوک واقع زیورات کے کاروباری کی بائک کی ڈگی توڑ کر بائک سوار دو بد معاشوں نے 10 لاکھ سونے و چاندی کے زیورات اور 1 لاکھ 25 ہزار روپے نقد لے کر بھاگ گئے ۔ متاثرہ کاروباری موتی پور تھانہ علاقہ کے بکھرا باشندہ ابھیشیک کمار بتائے گئے ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پہنچی پولس موتی پور نے معاملے کی چھان بین شروع کردی ۔اس سلسلے میں متاثر نے تھانے میں بائک سوار دو نامعلوم بد معاشوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے ۔متاثر شخص نے بتایا کہ وہ آڈر کے زیورات لے کر بائک سے پنسلو ا واقع دکان پر آیا ۔بائک کی ڈگی میں 10 لاکھ روپے کی زیورات اور 1 لاکھ 25 ہزار روپے تھے ۔دکان کے سامنے موٹر سائیکل لگاکر و ہ اپنی دکان کھولنے لگا ۔ اسی دوران اپاچی موٹر سائیکل سے دو نوجوان آئے ۔ دونوں ہاف پینٹ اور شرٹ پہنے ہوئے تھے۔ ایک نوجوان موٹر سائیکل سے اتر کر نزدیک کی اسٹیشنری دکان پر گیا ، جب وہ دکان کھول کر اپنے بائک تک پہنچے تو ڈگی کو ٹوٹا ہوا پایا۔ ڈگی سے زیورات اور نقدی وغیرہ کا جھولا غائب ہے ۔ چوک کے کچھ نوجوانوں نے جھولا لے کر بھاگ رہے نوجوان کا پیچھا کیا لیکن وہ پکڑ میں نہیں آسکے ۔ متاثر شخص نے بتایا کہ جھولے میں 350 گرام سونے کے زیورات 1 لاکھ 25 ہزار روپے نقد تھے ۔متاثرہ کی اطلاع پر پہنچی پولس نے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔ تھانہ صدر انل کمار یادو نے بتایا کہ معاملہ درج کر کارروائی کی جارہی ہے۔ ادھر ڈی ایس پی مغربی کرشنن مراری پرساد نے بتایا کہ جانکاری ملی ہے کہ معاملے کی چھان بین کی جارہی ہے ۔ ایس ایس پی ویویک کمار نے کہا کہ واقعہ کے سلسلے میں مقامی پولس کے ساتھ ڈی ایس پی کی قیادت میں ٹیم تشکیل کر جرائم پیشوں کو پکڑنے کی قواعد کی جارہی ہے ۔ادھر واقعہ کی جانکاری ملتے ہی کاروباریوں کے درمیان دہشت کا ماحول قائم ہے۔