جدہ:گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش، سڑکیں زیر آب، معمولات زندگی متاثر

جدہ،21نومبر (آئی این ایس انڈیا ) سعودی عرب کے ساحلی شہرجدہ میں مو سلا دھار بارش کے باعث شہر کی بیشتر سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ منگل کی صبح سے ہونے والی بارش سے شہر کا نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ شہر کے متعدد انڈر پاسز ڈوب گئے جس کے باعث گورنریٹ نے انہیں ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔شاہراہ الحرمین، شاہر ا ہ فلسطین، طریق المدینہ، شاہراہ امیر ماجد ، مکرونہ اور جدہ کے جنوبی علاقوں کی مرکزی شاہراہیں ڈوب گئیں ۔ متعدد گاڑیاں خراب ہوگئیں جبکہ منچلے نوجوانوں نے سڑکوں پر کشتیاں چلانا شروع کردیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جدہ میں بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہے گا۔سعودی عرب کے مشرقی ساحلی شہرجدہ میں منگل کو صبح سویرے کالے بادلوں کی آمد کے ساتھ ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ شہر کے اکثر علاقوں میں کہیں تیز، ہلکی اور کہیں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ بار ش سے قبل گرج وچمک سے شہر یو ں اور غیر ملکی بالخصوص بچے خو ف و ہراس میں مبتلا ر ہے۔درایں اثناءمکہ مکرمہ گورنریٹ نے جدہ میں موسلادھار بارش کے باعث شہر کے انڈ ر پا س بند کردیئے ہیں۔ تفصیلا ت کے مطا بق شر فیہ میں ستین اور شاہ عبد اللہ کو جو ڑنے وا لا انڈر پاس، السلام انڈر پاس، حراء،سبعین انڈر پاس اور عزیزیہ میں فلسطین ، امیر ماجد انڈر پاس ٹریفک کے لئے بند کردیا ہے ۔جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئر پورٹ نے کہا ہے کہ بارش کے باعث پروازوں کی آمد روفت معمول کے مطابق جاری ہے، تاہم مسافر ایئرپورٹ آنے سے پہلے اپنی فضائی کمپنی سے رابطہ کرکے تازہ تر ین صورتحال سے آگاہ رہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ بارش کے باعث ابھی تک پرواز یں متاثر نہیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات اورمشتر کہ آپریشن روم 911نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ کالے بادل جدہ کی طرف آرہے ہیں۔ ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ شہری وغیر ملکی پر خطر مقامات سے دور رہیں۔جدہ کے شمالی اور مغربی علاقوں میں پانی جمع ہے۔