جہان آباد کے ڈی ایم اور اے ڈی ایم کو جان سے مارنے کی دھمکی ، ڈاک سے بھیجا دھمکی بھرا خط

جہان آباد ،12 نومبر ( نمائندہ) ڈی ای او اور ڈی پی او کے بعد اب ایس ڈی او کو رجسٹر ڈ ڈاک سے خط بھیج کر دھمکی دی گئی ہے۔ خط میں فرضی ٹیچروں پر منھ دیکھ کر کارروائی کرنے کا ذکر کیاگیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ڈی ایم ، اے ڈی ایم ، ڈی ای او ، ڈی پی او ان ٹیچروں کو کیوں رکھے ہوئے ہیں۔ دھمکی دیتے ہوئے خط میں 16 ٹیچروں کے نام ہیں۔ جن کے بارے میں لکھا گیا ہے کہ یہ سبھی ٹیچر دوسرے کے دستاویز پر بحال ہیں۔ اگر دیگر ٹیچروں پر کارروائی ہوئی تو ان پر کارروائی ہونی چاہئے ۔اگر ان پر کارروائی نہیں ہوئی تو کسی پر بھی کارروائی نہیں کی جائے۔ منھ دیکھ کر کام مت کرو ، انسان کو نکال دو اور حیوان کو پے منٹ کردو ایسا ہورہا ہے۔ اس پر اگر روک نہیں لگی ، تو ارول ضلع کے کرپی کے بی ای او شالک رام شرما جیسا انجام بھگتنا ہوگا۔ معلوم ہوکہ بی ای او شالک رام شرما کا قتل اس وقت گولی مار کر کردیاگیاتھا جب وہ اپنے دفتر میں کام کررہے تھے۔ خط ملنے کے بعد ایس ڈی او نے اس سلسلے میں سب ڈویزنل پولس افسر کو صحیح صورتحال کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے اس کی باریکی سے جانچ کر باضابطہ کارروائی کرنے کے لئے متعلقہ کو ضروری ہدایات دینے کی بات کہی ہے۔خط گیا کے ڈلہا باشندہ راج کشور شرما کے ذریعہ بھیجا گیا ہے۔ چار دن قبل ڈی ای او اور ڈی پی او اسٹیبلشمنٹ کو رجسٹرڈ ڈاک سے خط بھیج کر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ خط میں ذکر کیا گیا تھا کہ اگر فرضی ٹیچروں پر کارروائی کی گئی تو انجام برا ہوگا۔ خط گیا سے اویناش شرما کے نام سے بھیجا گیا تھا۔ جس میں نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے دھمکی دی گئی تھی۔ دھمکی ملنے کے بعد پولس انتظامیہ کے ذریعہ بی ای او کو حفاظتی گارڈ مہیا کرایا گیا ہے۔ وہیں رجسٹرڈ ڈاک سے آیا دھمکی بھرے خط سے محکمہ تعلیم میں خوف کا ماحول قائم ہے۔