حفیظ کا بالنگ ایکشن درست کرسکتا ہوں :اجمل

لاہور ، 19 نومبر (یو این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنرسعید اجمل نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور محمد حفیط نے ان سے رابطہ کیا تو وہ ایک مہینے کے اندر محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن کو درست کردیں گے ۔ایک انٹرویو میں سعید اجمل کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے 2014 میں معطل کیے جانے کے بعد ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد نے بالنگ ایکشن کی درستی کے لیے ان کی مدد کی تھی۔یاد رہے کہ آئی سی سی نے رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستان کے تجربہ کار آل را¶نڈر محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے تیسری مرتبہ بالنگ سے معطل کردیا تھا۔ سعید اجمل نے پی سی بی کو نوٹس لینے پر زور دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا کہ آئی سی سی صرف پاکستانی بالرز کو نشانہ بنا رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پی سی بی چند مثبت اقدامات اٹھائے تو مجھے امید ہے کہ دوبارہ پاکستانی بالرز کو ان کے بالنگ ایکشن پر نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ قبل ازیں سعید اجمل نے ایک انٹرویو میں اسی بات کو دہرایا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ نظام میرے اور محمد حفیظ کے لیے ہے جبکہ مشکوک بالنگ ایکشن کے حامل دیگر بالرز تاحال کھیل رہے ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کرنے والے سعید اجمل نے فیئرویل کے طور بین الاقوامی میچ کے موقع کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کو اس حوالے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا۔ انھوں نے کہا کہ ‘میں ان سے (پی سی بی) سے بھیک نہیں مانگوں گا۔پی سی بی کی جانب سے 2016 میں الوداعی تقریب کی پیش کش کو بھی سعید اجمل نے رد کرتے ہوئے اپنے کیریئر کو جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔