دھونی نے دہلی پبلک اسکول سری نگرکے طلباءسے کی بات چیت

سری نگر، 28نومبر (یو ا ین آئی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے منگل کے روز دارالحکومت سری نگر کے مضافاتی علاقہ میں واقع دہلی پبلک اسکول (ڈی پی ایس) سری نگر کا دورہ کرکے طالب علموں بالخصوص معذور بچوں اور اساتذہ کے ساتھ بات چیت کی۔ دھونی جنہیں فوج نے لیفٹیننٹ کرنل کا اعزازی رینک عطا کیا ہوا ہے ، گذشتہ قریب ایک ہفتے سے وادی میں ہیں۔ مایہ ناز کرکٹر نے ڈی پی ایس سری نگر کے دورے سے قبل جنوبی کشمیر میں فوجی عہدیداروں اور اہلکاروں کے ساتھ والی بال کھیلی۔ ڈی پی ایس کے ایک استاد نے یو این آئی کو بتایا ‘ہم خود کو خوش قسمت محسوس کررہے ہیں کہ ہمیں مہندر سنگھ دھونی سے ملنے کا موقع ملا۔ وہ انتہائی نرم مزاج انسان ہیں۔ اگرچہ وہ صرف دس منٹ اسکول میں ٹھہرے ، لیکن انہوں نے طالب علموں کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں بغور سنا’۔ مسٹردھونی اسکول میں معذور بچوں سے بھی ملے ۔ سابق کپتان اسکول میں حال ہی میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر سونے کے تمغے جیتنے والے طالب علموں سے بھی ملے ۔ مہندر سنگھ دھونی 22 نومبر کو کشمیر کے دورے پر آئے اور تب سے لیکر اب تک وہ وادی کے کئی علاقوں میں ابھرتے ہوئے کرکٹ کھلاڑیوں اور طالب علموں کے ساتھ ملاقات کرچکے ہیں۔مسٹردھونی نے 22 نومبر کو یہاں بادامی باغ علاقہ میں واقع فوج کی چنار کور کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کرکے آرمی پبلک اسکول کے طلباءکے ساتھ بات چیت کی۔ اگرچہ دھونی کے دورہ چنار ہیڈکوارٹر کے بارے میں میڈیا کو اطلاع نہیں دی گئی تھی، تاہم چنار کور نے مشہور کرکٹر کے دورے کے دوران لی گئیں متعدد تصویریں اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پو پوسٹ کی تھیں۔ مہندر سنگھ دھونی نے 24 نومبر کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سرحدی قصبہ اوڑی میں ابھرتے ہوئے کرکٹرز سے بات چیت کی اور انہیں کرکٹ سے متعلق ٹپس دیں۔ 26 نومبر کو دھونی نے بارہمولہ کے کنزر میں ہونے والے چنار کرکٹ پریمئر لیگ 2017 کے فائنل مقابلے میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔