رانچی میں ہیلمیٹ اور سیٹ بیلٹ لازمی : رگھوور

رانچی 27 نومبر (تاثیر بیورو):وزیراعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ اپنے شہر اور اپنے وارڈ کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سوچ بدلنے سے ہی جھارکھنڈ بدلے گا۔ 80 فیصد بیماریاں گندگی سے ہی پیدا ہوتی ہیں۔ اگر ہم اپنے آس پاس صفائی رکھیںگے تو بیماریاں دور بھاگیںگی۔ وزیراعلیٰ راجدھانی کے وارڈ نمبر 18 میں مقامی لوگوں سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نگر نگم یا نوکر شاہی کے بھروسے کام نہیں چل سکتا ہے۔ ہم یہاں کے شہری ہیں ،ہماری بھی کچھ ذمہ داری ہیں۔ نگم کے ذریعہ ڈسٹبین لگائے جارہے ہیں۔ کوڑا کچڑا اسی میں ڈالیں، نگم کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ وقت وقت پر اس کی صفائی کرتے رہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ٹریفک میں نظم وضبط بہت ضروری ہے۔ تھوڑا سا نظم وضبط اپنا کر ہم قیمتی جانوں کو بچا سکتے ہیں اور شہر کی ٹریفک کو بھی سدھار سکتے ہیں۔ ہیلمیٹ اور سیٹ بیلٹ کو لازمی کیا گیاہے۔ شہر میں اعلیٰ صلاحیت والے سی سی ٹی وے کیمرے لگائے جارہے ہیں ۔ اب جو بھی ہیلمیٹ یا سیٹ بیلٹ کے بغیر نظر آئے گا اس کے گھر چالان چلا جائے گا۔ اسی طرح سڑک پر دکانوں کے سامان رکھنے والے لوگوں کو بھی وارننگ دی جائے ۔ سڑک پر دکان کا سامان رہا تو اس دکاندار کو بھی نوٹس بھیجیں۔ اسی طرح سڑک پر بالو گٹی رکھنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کریں۔ کچھ لوگوں کی غلطی سے پورے شہر کے لوگوں کو تکلیف اٹھانی پڑتی ہے،اسے برداشت نہیں کی جائے گا۔