روہت شرما کے ٹی-20میں 1000رنز پورے

نئی دہلی، 02 نومبر (یو این آئی )ہندستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر روہت شرما نے ہندستان کی ٹوئنٹی 20 جیت میں اپنے 1000 رنز مکمل کرلئے ہیں۔ 30 سالہ روہت نے فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔ یہ نیوزی لینڈ کے خلاف روہت کی پہلی اور مجموعی 12 ویں نصف سنچری تھی ۔ ہندستان نے 53 رنز سے کامیابی حاصل کی اور نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی ٹوئنٹی 20 جیت کو یقینی بنایا ۔ روہت نے 41 ٹی20 میچوں میں 37.40 کی اوسط پر 1010 رنز بنائے ہیں، جس میں 10 نصف نصف سنچری بھی شامل ہیں۔ ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی کے بعد اس کامیابی کو حاصل کرنے والے روہت دوسرے بلے باز بن گئے ہیں ۔ وراٹ نے 34 ٹی 20 میچوں میں 13 نصف سنچریوں کی مدد سے 69.57 اوسط سے 1322 رنز بنائے ہیں۔ روہت، جو ابھی تک ہندستان کے لئے 66 ٹی 20 میچ کھیل چکے ہیں، نے 31.31 اوسط سے 1472 رنز بنائے ہیں۔اس میں 12 نصف سنچری اور ایک سنچری شامل ہے ۔ٹوئنٹی 20 میں ان کا سب سے بڑا سکور 106 رنز ہے ۔