سابق مرکزی وزیر مکل رائے بی جے پی میں شامل

نئی دہلی، 3نومبر (یو این آئی) ترنمول کانگریس کے بانیوں میں سے ایک سابق مرکزی وزیر مکل رائے آج بی جے پی میں شامل ہوگئے ۔بی جے پی کے سینئر لیڈر روی شنکر پرساد نے یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں مسٹر رائے کوپارٹی میں شامل ہونے کا باضابطہ اعلان کیا ۔ اس موقع پر پارٹی کے جنرل سکریٹری اور مغربی بنگال میں پارٹی امور کے انچارج کیلاش وجے ورگیہ بھی موجود تھے ۔ اس سے قبل مسٹر رائے نے بی جے پی صدر امت شاہ سے ملاقات کی۔مسٹر پرساد نے کہا کہ مسٹر رائے نے بی جے پی میں غیر مشروط شمولیت کی خواہش ظاہر کی تھی او رپارٹی پورے احترام اور جوش کے ساتھ ان کا خیر مقدم کرتی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسٹر رائے کے پارٹی میں آنے سے بی جے پی کی مغربی بنگال میں توسیع ہوگی اور پارٹی تنظیم کو ان کے تجربات سے فائدہ ہوگا۔اس موقع پر مسٹر رائے نے کہا کہ بی جے پی فرقہ پرست نہیں بلکہ ایک سیکولر پارٹی ہے اور آئندہ الیکشن میں مغربی بنگال میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس اپنے قیام کے بعد بی جے پی کے تعاون سے ہی اپنی جڑیں جمانے میں کامیاب رہی تھی اور اس کے تعاون کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی تھی۔