ستیندر کو طلائی ، ہندستان نے جیتے کل 20تمغے

نئی دہلی، 06 نومبر (یو این آئی) ستیندر سنگھ کے مردوں کے 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن مقابلے میں طلائی اور سنجیو راجپوت کے چاندی کا تمغہ سمیت ہندستان نے آسٹریلیا کے برسبین میں پیر کو ختم ہوئی دولت مشترکہ نشانے بازی چمپئن شپ میں اپنی مہم چھ طلائی سمیت 20 تمغوں کے ساتھ ختم کی ۔ اس ہفتہ کے مقابلہ میں ہندستان نے چھ سونے ، سات چاندی اور سات کانسی تمغے جیتے ۔ان میں سونے اور ایک چاندی شاٹ گن کا مقابلہ ہے جبکہ باقی رائفل اور پسٹل کے ایوینٹ شامل ہیں۔ ستیندر اور سنجیو کے علاوہ، چین سنگھ نے 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن ٹورنامنٹ میں آٹھ شوٹرز کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔1162 کے اسکور کے ساتھ ستیندرکوالیفکیشن میں دوسرے نمبر پر تھے ۔انہوں نے پرون میں 400 میں سے 394اسکور کیے ۔ تجربہ کار نشانے باز سنجیو راجپوت 1158 کے اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے ۔ چین سنگھ نے یکساں ہی اسکور کیا تھا، لیکن کم ٹین کی وجہ سے وہ چوتھے مقام پر رہے ۔فائنل میں ستیندر نے آغاز سے ہی برتری بنائی ۔ راجپوت نے 45 شاٹ کے فائنل میں میچ نزدیکی رکھا ۔ ستیندر نے 454.2 کے ا سکور کے ساتھ طلائی جیت لیا۔راجپوت کاا سکور 453.3 تھا۔چین سنگھ آغاز میں اچھی کارکردگی کے بعد پچھڑتے چلے گئے ۔آسٹریلیا کے ڈین سمپسن نے کانسی میڈل حاصل کیا۔ مرد ٹریپ مقابلے میں بریندیپ سوڈھی نے چھ نشانے بازوں کے فائنل میں جگہ بنائی۔انہوں نے کوالیفکیشن میں 125 میں سے 118 کا اسکور کیا اور پانچویں نمبر پر رہے ۔سوڈھی کو فائنل میں پہنچنے کے بعد چوتھے نمبر سے اکتفا کرنا پڑا۔