سری لنکا کے اسپنرہرات دہلی ٹسٹ سے باہر

نئی دہلی، 28 نومبر (یو این آئی) سری لنکا کے تجربہ کار لیفٹ آرم اسپنر رنگنا ہرات پیٹھ میں سوجن کی وجہ سے یہاں دو دسمبر سے ہندستان کے خلاف ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔اب ان کی جگہ لیگ اسپنر جیفری وینڈرسے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو ٹیسٹ میں اپنا ڈیبو کریں گے ۔ سری لنکا کرکٹ کے چیف سلیکٹر گریم لیبریو نے کہاکہ ہم امید کر رہے تھے کہ ہرات دہلی ٹیسٹ کے لئے فٹ ہو جائیں گے ۔لیکن جب ہم نے ان سے اور ان کے فیزیو سے بات کی تو انہوں نے ہمیں بتایا کہ انہیں واپس وطن لوٹنا ہو گا۔30 سالہ ہرات ناگپور ٹیسٹ میں 39 اوور کی بولنگ میں صرف ایک وکٹ ہی لے پائے تھے ۔ہرات جمعرات کو وطن واپس لوٹ جائیں گے ۔ سلیکٹر نے کہاکہ ہمیں آگے ابھی بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور وہ ہمارے لئے کافی اہم کھلاڑی ہیں۔ ہرات کی جگہ ہم لیفٹ آرم اسپنر ملنڈا پشپ کمارا کو ہندستان بھیجنا چاہتے تھے ۔لیکن وہ فٹنس میں پاس نہیں ہو سکے اور اب وینڈرسے ہرات کی جگہ لیں گے ۔ 27 سالہ وینڈرسے نے سری لنکا کے لئے 11 ون ڈے اور سات ٹوئنٹی ۔20 میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے بالترتیب 10 اور چار وکٹ لئے ہیں۔