سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریزمیں پانڈیا کو آرام

نئی دہلی، 10 نومبر (یو این آئی) دھواں دھار آل را¶نڈر ہاردک پانڈیا کو سری لنکا کے خلاف 16 نومبر سے شروع ہونے والی تین ٹسٹ میچوں کی سیریز میں آرام دیا گیا ہے ۔ پانڈیا کو اس سیریز کے پہلے دو ٹسٹوں کے لئے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے جمعہ کو ایک بیان جاری کرکے بتایا کہ سینئر سلیکشن کمیٹی نے ہندوستانی ٹیم انتظامیہ کے ساتھ صلاح مشورہ کرکے یہ فیصلہ کیا کہ پانڈیا کو سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹسٹ سیریز میں آرام دیا جائے ۔ سلیکٹروں کی کمیٹی کا ماننا ہے کہ پانڈیا نے حال ہی میں کافی کرکٹ کھیلی ہے اور انہیں کسی طرح کی بڑی چوٹ سے بچانے کے لئے انہیں آرام دینے کی ضرورت ہے ۔ پانڈیا آرام کے اس وقت میں قومی کرکٹ اکادمی میں کنڈیشننگ دور سے گزریں گے ۔ چوبیس سالہ پانڈیا چمپئن ٹرافی کے آغاز کے بعد سے ہندوستان کے 33 میچوں میں سے 30 میچ کھیل چکے ہیں۔ جون کے بعد سے انہوں نے یک روزہ کرکٹ میں 147.2 اوور پھینکے ہیں جو کسی بھی دیگر گیند باز سے زیادہ ہیں۔ اس سال سری لنکا میں اپنے ٹسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے پانڈیا نے اب تک تین ٹسٹ، 29 ون ڈے اور 24 ٹی۔ 20 امیچ کھیلے ہیں۔ جن میں انہوں نے بالترتیب 178، 584 اور 140 رن بنانے کے علاوہ چار، 31 اور 17 وکٹ لئے ہیں۔ پانڈیا نے جولائی میں سری لنکا میں اپنے پہلے ٹسٹ میں نصف سنچری بنائی تھی اور پھر پلیکل میں طوفانی سنچری بنائی تھی۔ ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔ جس میں وہ مین آ ف دی میچ بھی رہے تھے ۔ انہیں آرام دیئے جانے سے ٹیم کو یقینی طور پر تیز گیند بازی کرنے والے آل را¶نڈر کی کمی ضرور محسوس ہوگی لیکن یہ فیصلہ ٹیم کی روٹیشن پالیسی کے لحاظ سے فٹ بیٹھتا ہے ۔ روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ جیسے سطحی اسپنروں کو ون ڈے اور ٹی۔ 20 سے لگاتار آرام دیا گیا جبکہ محمد شمی اور امیش یادو جیسے تیز گیندبازوں کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ پانڈیا کو نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں اننگز کے آخری اوور کی دوسری گیند پر کولن ڈی گرینڈ ہوم کا بہترین شاٹ روکنے کی کوشش میں بائیں ہاتھ میں چوٹ لگ گئی تھی۔ پانڈیا اس وقت درد سے کراہ اٹھے تھے اور فزیوں کو میدان میں آنا پڑا تھا۔ حالانکہ پانڈیا نے پھر باقی چار گیندیں پھینک کر اوور پورا کیا اور ہندوستان نے یہ میچ چھ رن سے جیت کر 2۔1 سے سیریز اپنے نام کی تھی۔ پہلے دو ٹسٹوں کے لئے ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے : وراٹ کوہلی (کپتان)، لوکیش راہل، مرلی وجے ، شکھر دھون، چتیشور پجارا، اجنکیا رہانے (نائب کپتان)، روہت شرما، ردھیمان ساہا (وکٹ کیپر) ، روی چندر اشون، رویندر جڈیجہ، کلدیپ یادو، محمد شمی، امیش یادو، بھونیشور کمار اور ایشانت شرما۔