سعودی عرب میں 30 خواتین نے ڈرائیونگ کا امتحان پاس کیا

جدہ،۵نومبر(پی ایس آئی)سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت کے اعلان کے فیصلے پر بطریق احسن عمل درآمد کے لئے تجویز کردہ اقدامات پر تیزی سے کام جاری ہے۔اس سلسلے میں سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی تر بیت دینے والی نجی کمپنی نے بتایا ہے کہ اس نے اب تک 30 سے زیادہ خواتین کو ڈرائیو نگ کورس کامیابی سے مکمل کروا دیا ہے۔ کمپنی نے خواتین کو ڈرائیونگ سکھانے کیلئے تمام ضر وری اقدامات مکمل کر لئے ہیں۔ ڈرائیو نگ سیکھنے والی خواتین کو خدمات فراہم کرنے کیلئے 150 سے زائد عملہ بھرتی کیا گیا ہے۔ جن خواتین نے کورس مکمل کرلیا ہے وہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی اہل بن چکی ہیں۔کمپنی ذرائع نے کہا ہے کہ مردوں کے ڈرائیونگ اسکولوں کی طرز پر خواتین کو بھی ڈرائیونگ کی تربیت دی جاتی ہے۔ ٹریفک قوانین اور سلا متی کے تمام امور سے نہ صرف انہیں بخوبی آ گاہ کیا جاتا ہے بلکہ ان کا عملی امتحان بھی لیا جاتا ہے۔ کورس مکمل کرنے والی خواتین میں سب سے عمر رسیدہ خاتون کی عمر 50 سال تھی جبکہ کم عمر 20 سال تھی۔