سعودی ولی عہد سے روسی ایلچی کی ملاقات

الریاض،۱۲نومبر(پی ایس آئی)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے دارالحکومت الریاض میں روس کے شام کے لیے خصوصی ایلچی الیگزینڈر لاورینتیف نے ملاقات کی ہے۔انھوں نے شامی بحران کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔روس شامی صدر بشار الاسد کا اہم اتحادی ہے اور اس کے جنگی مشن کی بدولت شامی صدر باغیوں کی مسلح شورش کے مقابلے میں اپنا اقتدار بچانے میں ہوگئے ہیں اور ان کی وفادار فوج روسی اور ایرانی فوج کی مدد سے باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو واپس لینے میں کامیاب ہو گئی ہے۔روس ان کی حکومت کی ہر طرح سے اور ہر بین الاقوامی پلیٹ فارم پر مدد کررہا ہے۔اس نے جمعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جاپان کی پیش کردہ ایک قرار داد کو ویٹو کردیا تھا۔اس قرارداد میں شام میں کیمیائی حملوں کی تحقیقات کرنے والے بین الاقوامی مشن کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کی مانگ کی گئی تھی۔اس سے صرف ایک روز قبل ہی روس نے امریکا کی اسی موضوع پر پیش کردہ ایک اور قرارداد کو بھی ویٹو کردیا تھا۔