عصمت دری سے متعلق بیان پر کرن کھیر کی وضاحت

چنڈی گڑھ، 30 نومبر (یو این آئی) چنڈی گڑھ عصمت دری معاملے میں اپنے متنازعہ بیان کی وجہ سے پیدا ہونے والے تنازعہ پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی لیڈر کرن کھیر نے رد عمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیان پر سیاست کی جا رہی ہے ۔ بی جے پی لیڈر اور فلم اداکارہ محترمہ کرن کھیر نے کل اپنے بیان میں کہا کہ “میں تمام بچیوں کو کہنا چاہتی ہوں کہ اگر پہلے ہی آٹو میں تین آدمی بیٹھے ہوئے ہیں تو اس میں آپ کو نہیں بیٹھنا چاہئے ۔ میں لڑکیو ں کی سکیورٹی کے لئے یہ کہہ رہی ہوں۔ جب ہم بھی کہیں باہر جاتے تھے اور ساتھ میں جو بھی سرپرست چھوڑنے آتے تھے ۔ ہم انہیں ٹیکسی یا آٹو کا نمبر لکھا کرتے تھے ۔ مجھے لگتا ہے کہ آج کے زمانے میں اس کے لئے محتاط ہونا پڑے گا”۔ چنڈیگڑھ سے ممبر پارلیمنٹ کے اس بیان پر کافی ہنگامہ ہوا ۔ چنڈیگڑھ ہی کے سابق ممبر پارلیمنٹ اور سابق وزیر ریلوے پون کمار بنسل نے محترمہ کھیر کے اس بیان کی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے لڑکیوں مزید محفوظ بنانے کے لئے وہ کیا اقدامات کر رہی ہیں، انہیں اس سلسلے میں بات کرنی چاہئے تھی۔اس تنازعہ پر کرن کھیر نے کہا کہ “لعنت ہے ان پر جنہوں نے اس بیان پر سیاست کرنے کی کوشش کی ہے ۔آپ کے گھر میں بھی بچیاں ہیں، آپ کو بھی میری طرح مثبت بات کرنی چاہئے “۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے کہا کہ “میں نے تو یہ کہا تھا کہ زمانہ بہت خراب ہے ۔ بچیوں کو احتیاط برتنا چاہئے “۔ واضح ر ہے کہ چنڈیگڑھ کے موہالی میں ایک 22 سالہ لڑکی کے ساتھ 17 نومبر کی رات آٹو ڈرائیور اور اس کے دو ساتھیوں کے ذریعہ اجتماعی عصمت دری کئے جانے کی خبر پرمحترمہ کھیر کا یہ متنازعہ بیان آیا تھا۔ اس معاملے میں پولیس تینوں ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے ۔