نئی دہلی، 6 نومبر (یو این آئی) بین الاقوامی فٹبال ایسوسی ایشن (ایف آئی ایف آئی۔ فیفا) کے صدر جیانی انفینٹینو نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر فیفا انڈر۔ 17 عالمی کپ کی کامیاب میزبانی کے لئے ہندوستان کی ستائش کی ہے ۔ فیفا صدر نے وزیراعظÊ مودی کو لکھے گئے خط میں ہندوستان کی کامیاب میزبانی کی تعریف کی اور کہا کہ فیفا کا وفدہندوستان سے کئی یادگار لمحے اپنے ساتھ لیکر زیورخ روانہ ہوا۔ وفد نے ہندوستان میں اپنے قیام کے دوران دوستی کے نئے سنگ میل حاصل کئے ۔ انفینٹینو نے ہندوستانی وزیراعظم کو لکھے گئے شکریہ کے خط میں کہا کہ ہندوستان نے عالمی کپ کی کامیاب میزبانی کی اور فیفا وفد اس میزبانی سے کافی مطمئن ہے ۔ ہم ٹورنامنٹ کے فائنل میچوں اور فیفا کونسل کی میٹنگ کے لئے کولکاتا میں اپنے قیام کے دوران کافی خوش ہیں۔ یہ سب کچھ ہمارے لئے واقعی یادگار رہا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کی حکومت کو فیفا انڈر۔ 17 عالمی کپ کے کامیابی سے انقعاد کرنے کے لئے مبارکباد دیتا ہوں۔ اس کے ساتھ ہی میں منتظمہ کمیٹی ، آپ کی حکومت اور چھ شہروں نئی دہلی، نوی ممبئی، گوا، کوچی، گوہاٹی اور کولکاتا میں اس ٹورنامنٹ کے انعقاد سے وابستہ سبھی افراد کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہوں نے اسے کامیاب اور یادگار بنانے میں سخت محنت کی۔ فیفا صدر نے اس کے ساتھ اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ وہ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں شامل نہ ہوسکے اور مسٹر مودی سے ذاتی طور پر نہیں مل سکے ۔لیکن انہوں نے خط میں کہا کہ انہیں مستقبل میں مسٹر مودی سے ملاقات کا انتظار رہے گا تاکہ ہندوستان میں فٹبال کو فروغ دینے کی سمت میں تجاویز کا تبادلہ ہوسکے ۔ انفینٹینو نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ میں اپنے پہلے سے طے شدہ پروگراموں کے سبب دلی میں افتتاحی تقریب میں شامل نہیں ہوسکا اور آپ سے راست ملاقات نہیں کرسکا لیکن مجھے یقین ہے کہ میں مستقبل میں آپ سے ضرور ملاقات کروں گا تاکہ آپ کے ملک میں فٹبال کے فروغ کے لئے تجاویز مشترک کی جاسکیں۔ فٹبال ایک ایسا کھیل ہے جو ثقافت اور سماجی روکاوٹوں سے بالا ہے اور ہر کوئی اسے کھیل سکتا ہے ۔ فیفا صدر نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کی کوششوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایف ایف نے ہندوستان میں اس کھیل کی ترقی کے لئے مشن الیون ملین اور کولکاتا میں اے آئی ایف ایف نیشنل سینٹر آف ایکسیلینس کی تعمیر جیسے جو اقدام اٹھائے ہیں اس سے ہندوستان میں فٹبال میں کافی بہتری آئے گی۔ انفینٹینو نے اپنے خط میں یقین دہانی کرائی کہ فیفا اور بین الاقوامی فٹبال کمیونٹی ہندوستان میں فٹبال کے لئے ان ترقیاتی پروجیکٹوں کے لئے اپنی جانب سے پوری مدد کرے گا۔