میریکام اور سونیا فائنل میں

ہو چی منہ سٹی، 7 نومبر (یو این آئی) پانچ بار کی عالمی چمپئن، اولمپک تمغہ فاتح مکے باز اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ ایم سی میریکام نے 48 کلوگرام لائٹ فلائی ویٹ زمرے کے سیمی فائنل میں جاپان کی سوباسا کومورا کو یکطرفہ انداز میں شکست دیتے ہوئے پانچ۔ صفر سے جیت حاصل کرکے خطابی مقابلے میں داخلہ حاصل کرلیا ہے ۔ میریکام کے علاوہ سونیا لاتھر نے بھی طلائی تمغے کے مقابلے میں جگہ بنالی ہے ۔ سونیا نے سیمی فائنل مقابلے میں ازبیکستان کی یود گورائی میر جائیوا کو 58 کلوگرام زمرے میں ہرایا۔ طلائی تمغے کے لئے میریکام کا مقابلہ کوریا کی کم یانگ می اور سونیا کا چین کی زنہوا زن سے ہوگا۔ پانچ دیگر ہندوستانی مکے باز ایس سریتا دیوی، سکشا، سیما پونیا، لولینا بورگوہین اور پرینکا چودھری کو سیمی فائنل میں ہارکر کانسے کے تمغے کے اکتفا کرنا پڑا۔ میریکام نے فائنل میں پہنچ کر اس طرح ایشیائی چمپئن شپ میں اپنا چھٹا تمغہ یقینی کرلیا ہے ۔ 34 سالہ میریکام نے اس چمپئن شپ میں اس سے قبل چار طلائی اور ایک نقرئی تمغہ جیتا ہے ۔ انہوں نے 2003، 2005، 2010 اور 2012 میں اس ٹورنامنٹ کا طلائی تمغہ جیتا جبکہ 2008 میں انہیں نقرئی تمغہ حاصل ہوا۔ راجیہ سبھا ممبر میریکام پانچ سال تک 51 کلوگرام زمرے میں حصہ لینے کے بعد 48 کلوگرام زمرے میں واپس آئی ہیں۔