نڈال کا گوفن سے اور فیڈرر کا ساک سے ہوگا مقابلہ

لندن، 09 نومبر (یواین آئی) عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال اتوار سے شروع ہونے والے سیشن کے آخری اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس میں بیلجئیم کے ڈیوڈ گوفن کے خلاف اپنی مہم کی شروعات کریں گے جبکہ چھ بار کے چیمپئن سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر کا سامنا حال ہی میں ماسٹرس ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب جیتنے والے امریکہ کے جیک ساک سے ھوگا۔ دنیا کے چوٹی کے آٹھ مرد کھلاڑیوں کے مابین ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں نڈال کو ڈومنک تھیم، گریگور دیمتروف اور ڈیوڈ گوفن کے ساتھ پے ٹے سمپراس گروپ میں رکھا گیا ہے ۔ فیڈرر کو ایلکزینڈر زیوریف ، مارن سلچ اور جیک ساک کے ساتھ بورس بیکر گروپ میں رکھا گیا ہے ۔ یہاں 12 سے 19 نومبر تک مردوں کے چوٹی کے آٹھ کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والے اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس کے پہلے دن اتوار کو فیڈرر کا سامنا ساک سے اور جرمنی کے الیگزینڈرزیوریف کا مقابلہ کروشیاکے مارن سے سلچ سے ہوگا۔ نڈال نے اب تک ایک مرتبہ بھی اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنل کا خطاب نہیں جیتا ہے لیکن اس سال وہ فرنچ اور یو ایس اوپن سمیت چھ خطاب اپنے نام کرچکے ہیں اور وہ موجودہ وقت میں دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی بھی ہیں۔ ایسے میں ان کی کوشش خطاب کو اپنے نام کرنے کی ہوگی۔ نڈال ٹورنامنٹ کے دوسرے دن پیر کے روز بیلجیم کے ڈیوڈ گوفن کے خلاف اپنے مہم کی شروعات کریں گے ۔ اسی دن ڈومنک تھیئم کا سامنا کریگور دیمتروف سے بھی ہوگا۔ دفاعی چیمپئن برطانیہ کے اینڈی مرے چوٹ کی وجہ سے اس ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل رہے ہیں ۔ مرے اس سے پہلے پیرس ماسٹرس میں نہیں کھیلے تھے ۔