ونڈے سیریز میں وراٹ کو آرام،روہت شرماکو کمان

نئی دہلی، 27 نومبر (یو این آئی) قومی سلیکٹرز نے مسلسل کرکٹ کھیل رہے تینوں فارمیٹس کے ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی کو سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سریز سے آرام دے دیا ہے ۔وراٹ کو آرام دیئے جانے کے بعد ون ڈے سیریز کے لیے اوپنر اور نائب کپتان روہت شرما کو نیا ون ڈے کپتان بنایا گیا ہے ۔ وراٹ گزشتہ کافی عرصے سے مسلسل کرکٹ کھیل رہے تھے اور یہ بات اٹھ رہی تھی کہ وہ کسی سریز میں آرام لے سکتے ہیں۔ ہندستان کے جنوبی افریقہ کے آئندہ مشکل دورے کو دیکھتے ہوئے سلیکٹرز نے وراٹ کو ون ڈے سریز سے آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی سیریز 10 دسمبر سے شروع ہو رہی ہے ۔ اگرچہ وراٹ سری لنکا کے خلاف دہلی میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں ہندستان کی کپتانی سنبھالیں گے ۔ہندستان نے ناگپور میں دوسرا ٹیسٹ ساڑھے تین دن کے اندر جیت کر تین میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی ہے ۔وراٹ نے اس میچ میں ڈبل سنچری بنائی تھی اور مین آف دی میچ رہے تھے ۔کولکتہ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ ڈرا رہا تھا۔ اس درمیان ناگپور ٹیسٹ سے ذاتی وجوہات سے باہر رہے اوپنر شکھر دھون کو دہلی میں ان کے گھریلو میدان میں دو دسمبر سے شروع ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے ۔حال میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے فاسٹ بولر بھونیشور کمار تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں واپس نہیں آئے ہیں لیکن ون ڈے سیریز کے لیے انہیں ٹیم میں رکھا گیا ہے ۔ ناگپور ٹیسٹ سے پہلے کپتان نے اسے لے کر کہا تھا کہ میں کوئی روبوٹ نہیں ہوں اور مجھے بھی تھکن ہوتی ہے ۔میرے جسم کو کاٹ کر دیکھئے اس میں سے خون ہی نکلے گا۔لیکن مجھے جب آرام کی ضرورت ہو گی تب میں اس پر خود ہی وقت آنے پر فیصلہ کروں گا۔ سلیکٹرز نے وراٹ کی جگہ نوجوان بلے باز شریس ایر کو ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ایر نیوزی لینڈ کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز میں ہندستانی ٹیم کا حصہ تھے ۔پچھلی ون ڈے ٹیم سے فاسٹ بولر شاردل ٹھاکر کو باہر کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سدھارتھ کول کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے فاسٹ بولر محمد سمیع ٹیم میں لوٹ آئے ہیں جو ہلکی چوٹ کی وجہ دوسرے ٹیسٹ میں نہیں کھیل پائے تھے ۔تمل ناڈو کے آل را¶نڈر وجے شنکر بھی تیسرے ٹیسٹ کیلئے ٹیم میں بنے ہوئے ہیں۔حالانکہ انہیں ناگپور ٹیسٹ میں کھیلنے کا موقع نہیں مل پایا تھا۔ دہلی ٹیسٹ کے لیے اوپننگ میں دلچسپ صورت حال رہے گی کیونکہ اب ٹیم مینجمنٹ کو مرلی وجے ، لوکیش راہل اور شکھر دھون میں سے دو کا انتخاب کرنا ہوگا۔مرلی وجے نے ناگپور ٹیسٹ میں شاندار سنچری بنائی جبکہ شکھر کولکتہ میں پہلے ٹیسٹ میں دوسری اننگز میں سنچری کے قریب پہنچ کر آ¶ٹ ہوئے تھے ۔راہل ناگپور میں سستے میں نمٹ گئے تھے ۔ ٹیمیں اس طرح ہیں:- ٹیسٹ ٹیم ۔وراٹ کوہلی (کپتان)، مرلی وجے ، لوکیش راہل، شکھر دھون، چتیشور پجارا، اجنکیا رہانے (نائب کپتان)، روہت شرما، ردھمان ساہا (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، کلدیپ یادو، محمد سمیع، امیش یادو ، ایشانت شرما، وجے شنکر۔ ون ڈے ٹیم اس طرح ہے : روہت شرما (کپتان)، شکھر دھون، اجنکیا رہانے ، شریس ایر، منیش پانڈے ، کیدار جادھو، دنیش کارتک، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، ہردک پانڈیا، پٹیل، کلدیپ یادو، یجویندر چہل، جسپریت بمراھ، بھونیشور کمار، سدھارتھ کول۔