ٹیم انڈیا عالمی ریکارڈ سے ایک قدم دور

نئی دہلی، 30 نومبر (یو این آئی) جیت کے رتھ پر سوار دنیا کی نمبر ایک ہندستانی ٹیم آسٹریلیا کے مسلسل نو سیریز جیتنے کے عالمی ریکارڈ کی برابری کرنے سے محض ایک قدم دور ہے ۔ کپتان وراٹ کوہلی کی قیادت والی ہندستانی ٹیم کو دو دسمبر سے یہاں فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر سری لنکا کے خلاف تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے ۔میزبان ہندستانی ٹیم ناگپور میں ہوئے دوسرے ٹیسٹ کو اننگز اور 239 رنز سے جیت کر سیریز میں 1۔0 کی برتری بنائے ہوئے ہے ۔ کوٹلہ کے ریکارڈ کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ٹیم انڈیا مسلسل نو سیریز جیت کر آسٹریلیا کے عالمی ریکارڈ کی برابری کر لے گی۔آسٹریلیا کی ٹیم نے 2005 سے 2008 کے درمیان میں مسلسل نو سیریز جیتی تھیں۔ فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر ہندستان گزشتہ 30 سالوں سے مضبوط رہا ہے ۔ سری لنکا سیریز کے بعد ہندستان کو اگلے سال جنوری میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا ہے جہاں اسے تیز اور اچھال بھری پچوں کا سامنا کرنا ہوگا۔کپتان وراٹ خود کھلاڑیوں کو اس بات کا اشارہ دے چکے ہیں کہ انہیں جنوبی افریقہ میں ملنے والے سخت چیلنجوں کے لئے تیار رہنا ہوگا۔ وراٹ نے کہاکہ جنوبی افریقہ کی پچوں کو دیکھتے ہوئے ہی ہم نے ایسی پچ تیار کرنے کے لئے کہا ہے جو تیز گیند بازوں کے لئے مددگار ثابت ہو۔تیاری کے لئے ہمارے پاس اب زیادہ وقت نہیں بچا ہے ، اس لئے ہمیں اس کا استعمال کرنا پڑے گا۔آئندہ دورہ ہمارے لئے ایک بڑا دورہ ہے ۔ 29 سال کے وراٹ ہندستان کے دوسرے سب سے زیادہ کامیاب کپتان بننے سے ایک جیت دور ہیں اور اب وہ اپنے گھریلو دہلی میدان میں یہ کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔وراٹ اپنی کپتانی میں 31 ٹسٹ میچوں میں سے 20 ٹیسٹ جیت چکے ہیں اور سورو گنگولی کی برابری کرنے سے ایک قدم دور ہیں۔گنگولی نے 49 ٹسٹ میچوں میں ہندستان کی کپتانی کی تھی اور 21 میچ جیتے تھے ۔گنگولی نے 13 ٹیسٹ ہارے تھے اور 15 ٹیسٹ ڈرا کرائے تھے جبکہ وراٹ کے اب تک صرف تین ٹیسٹ خسارے والے ہیں اور آٹھ ٹسٹ ڈرا کرائے ہیں۔ ہندستان میں سب سے زیادہ ٹیسٹ جیتنے کا ریکارڈ مہندر سنگھ دھونی کے نام ہے جنہوں نے 60 میچوں میں 27 جیتے ہیں۔وراٹ کی کپتانی میں ہندستان نے کوٹلہ میں کھیلے گئے گزشتہ ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی مضبوط ٹیم کو 337 رن کے بڑے فرق سے شکست دی تھی۔