کانٹریکٹ پر بحال اے این ایم کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری

ارریہ ،10 نومبر ( نمائندہ ) پی ایچ سی احاطہ میں آج مساوی کام کے لئے مساوی تنخواہ کے مطالبہ کو لے کر کانٹریکٹ پر بحال اے این ایم کی لگاتار چوتھے دن بے مدت ہڑتال جاری ہے۔ ہڑتال پر بیٹھے اے این ایم ملازمین کے مطابق مساوی کام کے لئے مساوی تنخواہ کے تحت حکومت دوہری پالیسی اپنا رہی ہے۔ ایک صلاحیت ایک عہدہ ایک کام کے لئے اے این ایم کو الگ الگ تنخواہ ادائیگی کی جارہی ہے، جو سراسر غلط ہے۔ پہلے 2007 سے 2014 تک ریاستی صحت کمیٹی سے بحال اے این ایم کو 27300 روپے ، جبکہ ضلع صحت کمیٹی سے بحال اے این ایم کو 12675 روپے تنخواہ ملتی تھی مگر اے این ایم کی تحریک کو دیکھ کر ریاستی سرکار نے صحت کمیٹی سے بحال اے این ایم کی تنخواہ گھٹاکر 17500 کردیا۔ لیکن ان لوگوںکی تنخواہ نہیں بڑھائی گئی۔ ان لوگوں نے کہا کہ جب تک سرکار ان لوگوں کی تنخواہ بڑھا کر 17500 نہیں کردیتی ہے تب تک کانٹریکٹ پر بحال سبھی اے این ایم بے مدت ہڑتال پر رہیں گی۔ بے مدتی ہڑتال کے دوران اے این ایم ملازمین نے وزیر اعلیٰ مردہ باد ، وزیر صحت مردہ بادوغیرہ کے نعرے بھی لگائے اور 6 نومبر کو پٹنہ میں اے این ایم پر لاٹھی چارج ہونے پر بھی اظہار ناراضگی کیا اور موجودہ حکومت بہار کو لاٹھی ڈنڈے کی سرکار بھی بتایا ۔ اس بے مدت دھرنامیں انیتا کماری ، کنچن جھا، پر ما لتا کماری ، پر تما کماری منی کماری ، آشاکماری ، پنکی مشرا، سیوا کماری ،رینو کمار ی ، پاروتی کماری سمیت کئی درجن اے این ایم ملازمین موجود تھے۔