گرلس آئی ٹی آئی میں ہاسٹل ،بیت الخلا اور میس کاانتظام ہو:نتیش

پٹنہ 03نومبر (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جمعہ کو ایک انے مارگ واقع نیک سنواد میں شمالی کوئل آبی ذخیرہ منصوبہ سے متعلق محکمہ آبی وسائل کی جائزہ میٹنگ کی ۔ میٹنگ میں وزیراعلیٰ کے سامنے پرنسپل سکریٹری ارون کمار سنگھ نے اس منصوبے سے متعلق تفصیلی پرزنٹیشن پیش کیا۔ میٹنگ میں شمالی کوئل آبی ذخیرہ کے کاموں کو مکمل کرنے کے سلسلے میں وزیراعلیٰ کے ذریعہ متعلقہ افسران کو ضروری ہدایت دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار کی 76 فیصد آبادی زراعت پر منحصر ہے۔ بہار کا سب سے اہم ذریعہ معاش زراعت ہے۔ آبپاشی کا مناسب نظم ہوجانے سے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ اس کے علاوہ بہار کی جی ڈی پی میں اضافہ ہوگا۔ میٹنگ میں وزیراعلیٰ کے ذریعہ محکمہ آبی وسائل کو شمالی کوئل آبی ذخیرہ منصوبہ کے سلسلے میں مرکزی حکومت اور جھارکھنڈ سے رابطہ قائم کرکے کاموں کو جلد پورا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ میٹنگ میں آبی وسائل کے وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے بھی اپنے مشورے دیئے۔ میٹنگ میں چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ، محکمہ آبی وسائل کے پرنسپل سکریٹری ارون کمار سنگھ اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار سنگھ، سکریٹری آتیش چندرا اور منیش کمار ورما بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے آج جی ایس ٹی سے متعلق محکمہ کمرشیل ٹیکس کی بھی جائزہ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں محکمہ کی پرنسپل سکریٹری سجاتا چترویدی نے جی ایس ٹی کے مختلف پہلوﺅں پر تفصیلی پرزنٹیشن دیا۔ میٹنگ میں جی ایس ٹی میں ابھی کیا ہورہا ہے اور اس سے محصولات پر کیا اثر پڑے گا اس بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جی ایس ٹی ایک اچھا ٹیکس نظام ہے جس کے بارے میں لوگوں کو تفصیل سے معلومات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے لوگوں کو بتایا کہ اس کی تشہیر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کے سلسلے میں جو بدگمانی پیدا کی جارہی ہے اس پر دھیان نہیں دینا چاہئے۔ جی ایس ٹی کمپنسیشن سے ریاستوں کو پریشانی نہیں ہوگی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ کے بعد تاجروں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور کچھ اہم مسائل کا حل بھی نکالا گیاہے۔ نائب وزیراعلیٰ نتیش کمار سشیل کمار مودی نے کہا کہ جی ایس ٹی کے سلسلے میں لوگوں کو جانکاری ہونے لگی ہے۔مسائل میں بھی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جی ایس ٹی کے سلسلے میں دس فیصد لوگوںکو ہی شکایت رہ گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے آج آئی ٹی آئی سے متعلق محکمہ وسائل محنت کی بھی جائزہ میٹنگ کی۔ جس میں پرنسپل سکریٹری دیپک کمار سنگھ نے آئی ٹی آئی اور نیوجنالیہ سے متعلقہ اہم پہلوﺅں پر پرزنٹیشن دیا۔ پرزنٹیشن دیکھنے کے بعد وزیراعلیٰ نے کہا کہ لڑکیوں کے آئی ٹی آئی میں ہاسٹل ،چہار دیواری ، بیت الخلا اور میس کا انتظام لازمی طور پر ہونا چاہئے۔