ماں نے ممتا کو کیا شرمسار ، بچے کو پھل کی ٹوکری میں رکھ کر ہوگئی فرار

مظفر پور ، 3 نومبر( نمائندہ ) مظفر پور میں ایک سنگ دل ماں نے ایک معصوم کو سڑک کنارے مرنے کے لئے چھوڑ دیا۔ غنیمت تھا کہ لوگوں نے کسی انہونی سے پہلے ہی بچے کو دیکھ لیا، جس کی وجہ سے اس کی جان بچ سکی ۔ اگر لوگوں نے نہیں دیکھا ہوتا تو کچھ بھی ہوسکتا تھابچےکے ساتھ ۔ معاملہ مظفر پور کے برہمپورہ تھانہ علاقہ میں سامنے آیا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ لوگوں کو ایک نوزائیدہ بچہ سڑک کنارے پھل کی ٹوکڑی میں پڑا ملا ۔واقعہ جمعہ کی صبح کا ہے۔ روتے بچے پر لوگوں کی نظر پڑی تو معاملہ اجاگر ہوا۔ بچے کے آس پاس کتے منڈلا رہے تھے۔ اگر ذرا بھی دیر ہوجاتی تو بچہ کتوں کا نوالہ بھی بن سکتا تھا۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بچے کو ماں یا اس کے لواحقین نے دیر رات وہاں چھوڑ دیا ہوگا۔ تصویر میں آپ خود دیکھ سکتے ہیں ۔ بچہ کس طرح سے سڑک کے کنارے پڑا ہوا رورہا ہے۔ لواحقین کو اسے پھینکنے میں شرم تک نہیں آئی۔ جانکاری کے مطابق مظفرپور کے بر ہمپورہ تھانہ کے ایک نجی نرسنگ ہوم کے پاس پھل کی ٹوکڑی میں ایک بچہ ملا ۔ مقامی لوگوں کی بات چیت میں اس بات کا پتہ چلا کہ اسپتال کے پاس بچہ پھینکے جانے کا یہ کوئی پہلا معاملہ نہیں ہے۔ اکثر ایسے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ صبح صبح سڑک پر نکلے لوگوں نے بچے کو جب دیکھا تو معاملے کی جانکاری پولس کو دی گئی۔ خبر ملتے ہی پولس موقع پر پہنچی اور بچے کو برآمد کیا۔ فی الحال بچے کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ، جہاں ڈاکٹر اس کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بچہ اب خطرے سے باہر ہے۔