سبھی مذاہب بھائی چارہ اور محبت کی تعلیم دیتے ہیں : گورنر

پٹنہ ،06 نومبر ( پریس ریلیز) ”کوئی بھی مذہب ہوسبھی بھائی چارہ اور محبت کی ہی تعلیم دیتے ہیں۔ مذہب وہی ہے جو عمل کرنے کے لائق ہو اور عمل وہی کیا جاسکتا ہے جو پوری انسانیت کے لئے فلاح کاضامن ہو ۔ سماج میں برابری ہو ، امن ہو ، بھائی چارہ ہو ، محبت ہو ، سبھی ایک دوسرے کے تئیں عزت و احترام کا جذبہ رکھیں۔ سبھی ایک دوسرے کے لئے قربانی اور رواداری کا جذبہ رکھیں ۔ انہی سب باتوں سے ملک کے اتحاد کو طاقت ملتی ہے“۔ مذکورہ باتیں گورنر ستیہ پال ملک نے ادھیاتمک ستسنگ سمیتی ، پٹنہ کے زیر اہتمام مقامی گاندھی میدان میں منعقد ’شری مدھ بھاگوت کتھا تقریب ‘ کا شمع روشن کر آغاز کرتے ہوئے کہیں۔ گورنر نے کہا کہ کوئی بھی مذہب ہو سبھی ہمیں اچھا انسان بننے کی تعلیم دیتے ہیں۔ ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جہاں سبھی مذاہب کے لوگ رہتے ہیں۔ سبھی مذاہب جاتیوں ، روایتوں وغیرہ کے بہتر شمولیت سے ہی ہندوستان کی ثقافت اور قومی پہچان اور وراثت مضبوط ہوتی ہے۔ کثرت میں وحدت اور انیکتا میں ایکتا ہمارے ملک کی یہی خصوصیت ہے۔ ہمارے ملک کا آئین بھی سماجی برابری اور قومی ایکتا کی بنیادی نظریہ پر زور دیتا ہے۔ گورنر نے ’شری مد بھاگوت کتھا‘کے اس شاندار انعقاد کے لئے ادھیاتمک ست سنگ سمیتی کے سبھی عہدیداران وممبران کو مبارک باد دی۔ افتتاحی تقریب میں استقبالیہ خطبہ سمیتی کی جنرل سکریٹری محترمہ ششما اگروال نے پیش کیا۔ جبکہ شکریہ کنوینر شری کمل نوپانی نے پیش کیا۔ اس موقع پر راجیہ سبھا ایم پی شری آر کے سنہا اور ادھیاتمک ست سنگ سمیتی کے صدر وجئے کمار ، کشور پوریاسمیت کئی معزز اشخاص موجود تھے۔